انگلینڈ کیخلاف جیت سے پاکستانی ٹیم پر کیا فرق پڑا، محمد حفیظ نے بتا دیا۔۔

ٹائونٹن(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینئر کھلاڑی اور آل رائونڈر محمد حفیظ نے کہا ہے کہ ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف اچھی پرفارمنس نہیں دی تاہم انگلینڈ کے خلاف میچ میں ٹیم جس طرح کھیلی ہے اس نے جان ڈالدی ہے۔یہاں ٹائونٹن میں پریکٹس سیشن کے موقع پر نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ انگلینڈ سے کامیابی کی وجہ سے ڈریسنگ روم میں اعتماد بحال ہوا ہے اور مورال کافی بلند ہوا ہے۔ اچھی کارکردگی کی وجہ سے باڈی لینگویج تبدیل ہوا ہے۔اب لڑکوں میں کافی انرجی آئی ہے وہ اس پورے ٹورنامنٹ کے حوالے سے کافی پرجوش ہیں اور پریکٹس سیشن میں کافی محنت کررہے ہیں، اور انتظار کررہے ہیں کہ جو بھی میچ آئے اس میں پرفارم کریں۔اس سوال پر کہ آپ اپنی کارکردگی سے کس قدر مطمئن ہیں کیونکہ آپ سینئر پلیئر ہیں، ٹیم آپ پر کافی انحصارکررہی ہے، محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ میری پوری کوشش ہوگی کہ میں ایک سو فیصد اپنی کارکردگی دکھائو۔ پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کروں، یہ زیادہ اہم بات ہے۔میں اپنی ہر اس کارکردگی سے خوش ہوتا ہوں جس سے ٹیم جیت جائے، اب دیکھتے ہیں کہ اس ایونٹ میں جوبھی چیلنج آئے، اللہ تعالیٰ سے دعا بھی ہے کہ وہ مجھے اس میں کامیابی دے۔آسٹریلیا سے میچ کے حوالے سے انکا کہنا تھا کہ کےکینگروز کے خلاف ہم پورے اعتماد سے میدان میں اتریں گے، پچھلا میچ ہم بہت اچھا کھیلے، اور اب کوئی بھی ٹیم سامنے آئے گی تو ہم اچھی طرح پرفارم کرینگے۔

error: Content is protected !!