بابر اعظم ایک بار پھر ٹاپ پر،ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں سب سے زیادہ رنز بنا لئے

ٹانٹن(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستانی بلے باز بابر اعظم انگلش ویٹالٹی ٹی ٹونٹی بلاسٹ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز سکور کرنے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ 24سالہ بابر اعظم نے یہ اعزاز سمر سیٹ کاؤنٹی کی جانب سے گلیمورگن کاؤنٹی کے خلاف 63رنز کی اننگز کھیل کر حاصل کیا،وہ اب تک ٹورنامنٹ میں ایک سنچری اور4 نصف سنچریاں بھی سکور کرچکے ہیں ،انہوں نے سسیکس کے خلاف83رنز ، ہیمپشائر کے خلاف 95رنز ناٹ آؤٹ،ایسیکس کے خلاف56رنز ، ایک بار پھر ہیمپشائر کے خلاف اپنے ٹونٹی ٹونٹی کیریئر کی دوسری سنچری اور اب گلیمورگن کےخلاف 63رنز سکور کیے ہیں ۔اب تک بابراعظم نے 11میچز میں 60.11کی اوسط سے 541رنزبنالئے ،جس میں ایک سنچری اور 4نصف سنچریاں شامل ہیں ،انہوں نے 355گیندوں کا سامناکیا ،2بار ناٹ آؤٹ رہے جبکہ 14چھکے اور 57چوکے لگائے۔
بابر اعظم کو کئی مرتبہ جارحانہ بلے بازی نہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے تاہم ایسا لگتا ہے کہ سمر سیٹ کی جانب سے وہ خوب دھواں دھار بلے بازی کررہے ہیں،انہوں نے اب تک152.39کے سٹرائیک ریٹ سے یہ رنز سکور کیے ہیں جو ایک ایسے بلے باز کی جانب سے حیران کن ہے جسے ٹی ٹونٹی کرکٹ کا سپیشلائزڈ بیٹسمین قرار نہیں دیا جاتا،بابر اعظم اب تک 118ٹونٹی ٹونٹی میچز میں42.48کی اوسط سے4026رنز سکور کرچکے ہیں جن میں 2سنچریاں اور31نصف سنچریاں شامل ہیں،انہوں نے یہ رنز124.22کے سٹرائیک ریٹ سے سکور کیے ہیں۔اس فہرست میں ان کے ساتھی کھلاڑی ٹام بینٹن 11میچز میں ایک سنچری اور 3نصف سنچریوں کی مدد سے 440رنزبناکر دوسرے نمبرپرہیں ،تیسرے نمبر پر مڈل سیکس کے ڈیوڈ مالان نے 424رنزبنائے ہیں۔

error: Content is protected !!