بال ٹمپرنگ سکینڈل،،،صرف کھلاڑیوں کو سزا نہیں،،،کرکٹ آسڑیلیا نے ایک اور بڑا اعلان کردیا

میلبرن(سپورٹس لنک رپورٹ)  کرکٹ آسٹریلیا نے بال ٹیمپرنگ معاملے کی وسیع پیمانے پر تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین ڈیوڈ پیور کا کہنا ہے کہ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ کے معاملے نے سب کو ہلا کر رکھ دیا ہے جس میں تینوں کرکٹرز کو سزائیں ہو چکی ہیں تاہم اب بورڈ کی تحقیقات کے بعد اب آزادانہ تحقیقات بھی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ وسیع پیمانے پر آزادانہ تحقیقات کے لیے ٹیم بنائی جارہی ہے جس میں جائزہ لیا جائے گا کہ کہیں کرکٹ کلچرل یا انتظامی خرابی تو نہیں۔

ڈیوڈ پیور کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی کرکٹرز رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں، اس لیے بال ٹیمپرنگ کی آزادانہ تحقیقاتی کمیٹی کی سفارشات پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ میں ملوث کینگروز سابق کپتان اسٹیون اسمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر کو بورڈ نے ایک ایک سال جبکہ بلے باز کیمرون بینکرافٹ پر 9 ماہ کی پابندی عائد کی تھی۔

آسٹریلوی بورڈ کی جانب سے ٹیم کی قیادت کے لئے اسٹیون اسمتھ پر دو سال اور ڈیوڈ وارنر پر تاحیات پابندی بھی عائد کی گئی۔

error: Content is protected !!