دسویں انڈر 15ایشین بیس بال چیمپئن شپ 2019،پاکستان انڈر15ٹیم کل چین روانہ ہو گی

اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کی انڈر 15بیس بال ٹیم دسویں انڈر 15ایشین بیس بال چیمپئن شپ میں حصہ لینے کے لئے پندرہ اگست کی صبح چائنا روانہ ہوگئی۔ چیمپئن شپ اگست کی 19 سے 25تاریخ تک شین زین چائنا میں کھیلی جائے گی۔ ٹورنامنٹ کی دیگر ٹیموں میں کوریا، جاپان، تائیوان، چائنا، انڈونیشیا، ہانگ کانگ اور فلپائن کی ٹیمیں شامل ہیں۔
گروپ اے: چائنا، پاکستان، کوریا، انڈونیشیا
گروپ بی: جاپان، تائیوان، ہانگ کانگ، فلپائن
اس سلسلے میں پاکستان فیڈریشن بیس بال نے پاکستان کی انڈر 15بیس بال ٹیم کے گروپ فوٹو سیشن کا بحریہ کرکٹ سٹیڈیم میں اہتمام کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر عظیم الدین زاہد لکھوی ہیلتھ ایڈوائزر ٹو ہیلتھ منسٹر پنجاب مہمان خصوصی تھے۔ جبکہ دیگر مہمانوں میں ڈاکٹر محمد حمود لکھوی پرنسپل گورنمنٹ کالج رینالہ خورد، راؤزاہد قیوم وائس چیئرمین پنجاب سپورٹس بورڈ اور راؤشاہد قیوم سابق ایم پی اے شامل تھے۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ جوکہ بحریہ ٹاؤن لاہور کے سپورٹس ڈائریکٹر بھی ہیں نے مہمان خصوصی اور دیگر مہمانوں کا استقبال کیا اور انہیں کھلاڑیوں سے متعارف کروایا۔


پاکستان کی ٹیم میں سید علی خاور (کپتان)، سید محمد خاور، سید محب شاہ، عاشر عباس، محمد فیاض، عزیز الرحمن، جنید شاہ، نور الامین، محمد شیراز، محمد ارسلان، واحد، ذیشان امین، زوہیب سرور، معید شعیب چیمہ، سید ناد علی کاظمی، فضل ربی، شرف الدین اور محمد قاسم حامد شامل ہیں۔ جبکہ آفیشلز میں سید فخر علی شاہ بطور ٹیم لیڈر، مصدق حنیف بطور مینیجر، بلال مصطفی، معشوق علی اور محمد ارمغان شہاب بطور کوچز، ڈاکٹرشاہین گلریز اور محمد زبیر وٹو بطور امپائر شامل ہیں۔
اس موقع پر کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈاکٹر عظیم الدین لکھوی کا کہنا تھاکہ اگرچہ یہ ایک مشکل ٹورنامنٹ ہے جس میں ایشیا کی بہترین انڈر15ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں لیکن پاکستان کی ٹیم بھی باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جو میدان میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کھلاڑیوں سے کہا کہ آپ اپنے وطن کی سربلندی کے لئے اپنی پوری صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور ملک کے لئے زیادہ سے زیادہ کامیابیاں سمیٹیں۔
سید فخر علی شاہ صدر پاکستان فیڈریشن بیس بال نے میڈیا کو بتایا کہ پاکستان کی ٹیم باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور پاکستان ٹیم کا کیمپ بحریہ ٹاؤن لاہور میں جنوری سے جاری ہے جہاں کھلاڑی تجربہ کار پاکستانی کوچز کی زیرنگرانی ٹریننگ حاصل کررہے ہیں۔ فخر شاہ کے مطابق پاکستان کی ٹیم بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جوکہ میدان میں کچھ کردکھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹورنامنٹ میں ان کا ٹارگٹ وکٹری سٹینڈ تک رسائی ہے۔ کیونکہ ٹورنامنٹ کی دو بہترین ٹیمیں انڈر 15ورلڈکپ کے لئے کوالیفائی کریں گی۔
سید فخر علی شاہ کے مطابق پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ 19اگست کو چائنا کے خلاف، دوسرا میچ 20اگست کو کوریا کے خلاف جبکہ تیسرا میچ انڈونیشیا کے خلاف 21 اگست کو کھیلے گی۔ 23اگست سے سپر راؤنڈشروع ہوگا جس میں ہر گروپ کی ٹاپ 2 ٹیمیں حصہ لیں گی۔

error: Content is protected !!