سب سے زیادہ کمائی کرنے والے خواتین کھلاڑیوں میں سرینا لگاتار چوتھے سال نمبر ون

نیویارک (سپورٹس لنک رپورٹ)امریکی ٹینس اسٹار سیرینا ولیمز لگاتار چوتھے سال بھی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی خواتین کھلاڑیوں میں پہلے نمبر پر رہیں۔معروف امریکی جریدے فوربز نے کھیلوں کے شعبے میں ایک سال کے دوران سب سے زیادہ کمائی کرنے والی خواتین پلیئرز کی فہرست جاری کردی ہے۔ ان میں زیادہ تر ٹینس پلیئرز شامل ہیں۔امریکی ٹینس اسٹار سیرینا ولیمز یکم جون دو ہزار اٹھارہ سے یکم جون دو ہزار انیس کے دوران صرف ایک سال میں دو کروڑ بانوے لاکھ ڈالر کما کر پہلے نمبر پر رہیں۔

اس خطیر رقم میں سے صرف بیالیس لاکھ ڈالر انہیں ٹورنامنٹس جیت کر ملے۔جاپان کی نومی اوساکا نے ایک سال میں دو کروڑ تینتالیس لاکھ ڈالر کما کر فہرست میں دوسرا نمبر حاصل کیا، وہ ایک سال میں دو کروڑ ڈالر سے زیادہ کمائی کرنے والی چوتھی کھلاڑی ہیں۔ اس سے پہلے یہ اعزاز سیرینا ولیمز، ماریا شیرا پووا اور لی نا کو حاصل ہوچکا ہے۔سابق ومبلڈن چیمپئن انجلیک کربر فہرست میں تیسرے نمبر پر رہیں۔ انہوں نے ایک سال میں ایک کروڑ اٹھارہ لاکھ ڈالر کمائی کی۔فوربز نے یہ فہرست مقابلے جیت کر ملنے والی رقم، تنخواہوں، بونس، اشتہارات سے ہونے والی کمائی کی بنیاد پر مرتب کی ہے۔

error: Content is protected !!