سرفراز نواز کے مداحوں کیلئے بری خبر آگئی


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)لاہور کی سیشن عدالت نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی کی جانب سے دائر ہتک عزت کی درخواست پر سابق کرکٹر سرفراز نواز کے ورانٹ گرفتاری جاری کردیے۔لاہور کی ایڈیشنل سیشن جج انجم ممتاز ملک نے نجم سیٹھی کی جانب سے ہتک عزت کے حوالے سے سرفراز نواز کے خلاف دائر کی گئی درخواست پر سماعت کی۔نجم سیٹھی نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ سرفراز نے میڈیا پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کیے جس کی وجہ سے ان کے شہرت کو نقصان پہنچا ہے۔چیئرمین پی سی بی نے اپنے موقف میں کہا کہ ایک دن بھی اپنے عہدے کا غلط استعمال نہیں کیا۔نجم سیٹھی نے استدعا کی کہ عدالت سرفراز نواز کو دس کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیں۔عدالت نے سرفراز نواز کو متعدد بار پیش ہونے کا حکم دیا لیکن عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے پر ان کے ورانٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔عدالت نے آئندہ سماعت پر سرفراز نواز کو ہر حال میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے دو ہفتوں تک سماعت ملتوی کردی۔یاد رہے کہ فروری 2017 میں پی سی بی نے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ سابق کرکٹر سرفراز نواز کے بیانات کو اہمیت نہ دیں کیونکہ ایسا کرنے کی صورت میں وہ توہین عدالت کے مرتکب ہو سکتے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا تھا کہ افسوس ناک امر یہ ہے کہ عدالت کے واضح احکامات کے باوجود سرفراز نواز نے بے جا تنقید کی مہم جاری رکھی ہوئی ہے اور وہ الزامات عائد کر رہے ہیں جس کے سبب ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔پی سی بی کے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ یہ حیران کن بات ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود ٹی وی چینلز سرفراز کے بیانات کو چلا رہے ہیں جو توہین عدالت کے مترادف ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سرفراز نواز کی جانب سے نجم سیٹھی پر عائد کیے گئے جھوٹے، بے بنیاد، من گھڑت اور توہین آمیز الزامات کے خلاف لاہور کی ضلعی عدالت میں ایک مقدمہ زیر التوا ہے۔

error: Content is protected !!