سری لنکا کا دورہ پاکستان، ٹیسٹ میچز کی تاریخیں سامنے آگئیں

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کو ٹیسٹ سیریز کیلئے تاریخیں دے دیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کو 2ٹیسٹ میچز لاہور اور کراچی میں کھیلنے کی پیشکش کی ہے جس کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے سری لنکا کا سیکیورٹی وفد بھی پاکستان میں موجود ہے۔سیکیورٹی وفد کی رپورٹس کی روشنی میں سری لنکا اپنی کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کرے گا۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے دونوں ٹیسٹ میچز کی تاریخیں سری لنکا کرکٹ کو دی ہیں جس کے تحت پہلا ٹیسٹ کراچی میں یکم سے 5اکتوبر تک کھیلنے جبکہ لاہور میں دوسرا ٹیسٹ 9سے 13اکتوبر تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلنے کی تجویز دی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں سری لنکن ٹیم کراچی ٹیسٹ سے تین روز قبل پاکستان آئے گی۔سری لنکن سیکیورٹی وفد کراچی میں انتظامات کا جائزہ لے چکا ہے جس کے بعد اب لاہور میں پنجاب کے سیکیورٹی حکام سے ملاقات اور قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کرے گا۔

error: Content is protected !!