سوکا ورلڈ کپ کیلئے کھلاڑیوں کے ٹرائیلز‘لاہور کا مرحلہ بھی مکمل ہوگیا

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) سوکا ورلڈ کپ کی حتمی ٹیم کی تشکیل کیلئے لیثررلیگز نے برطانوی کوچ کیون ریویز کی خدمات حاصل کی ہیں جو اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ اور اسلام آباد میں اوپن ٹرائیلز کے زریعہ کھلاڑیوں کا انتخاب کریںگے۔پہلے مرحلہ میں اسلام آبادکے جناح اسپورٹس کمپلیکس پر ٹرائیلز کا کامیاب انعقاد کیا گیا اور گذشتہ روز لاہور میں فیم فٹبال گراؤنڈ ، ماڈل ٹاؤن کی سرسبز فیلڈ پر پنجاب کے 24شہروںلاہور، قصور، گجرانوالہ، گجرات، جہلم، سیالکوٹ، ظفروال، نارووال ،فیصل آباد، ملتان، ڈی جی خان، میاں چنوں، وہاڑی، شکرگڑھ، سرگودھا، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ،منڈی بہاالدین، اوکاڑہ، دیپال پور، پتوکی، میاں والی، جڑانوالہ اورمریدکے سے 400سے زائدکھلاڑیوں نے اپنی رجسٹریشن کرائی اور ٹرائیلز میں حصہ لیا۔برطانوی کلبز مانچسٹر یونائیٹڈ اور اسٹاک سٹی کے پروفیشنل کوچ اوریوئیفا سے کوچنگ کے’اے‘ لائسنس کے حامل برطانوی کوچ کیون ریویز نے 400سے زائد کھلاڑیوں کے اوپن ٹرائیلز میں شرکت پر انتہائی مسرت کا اظہار کیا کہ پاکستانی کھلاڑی اعلیٰ صلاحتیوں کے حامل ہیں اور انہیں حقیقی مواقع میسر آئیں تو وہ اپنی قدرتی صلاحیتوں کا دنیا بھر میں لوہا منوا سکتے ہیں۔

کیون ریویز نے جملہ کھلاڑیوں میں سے 12کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا ہے ۔برطانوی کوچ کے ہمراہ پاکستان کے سپر اسٹارز کلیم اﷲ، عیسیٰ خان، گوہر زمان، سعد اﷲ بھی موجود تھے۔اس موقع پر فیم فٹبال کلب کے صدر ضیاء ڈوگر نے لیثررلیگز کی فٹبال کھیل کی پروموشن اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ سوکا ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کے اوپن ٹرائیلز کیلئے پاکستان کے کونے کونے سے کھلاڑیوں کو شرکت کی دعوت دی گئی اور کھلاڑی جوق درجوق اس میں اپنی شرکت کو یقینی بھی بنا رہے ہیں جو خوش آئند ہے۔فیم فٹبال کلب فروغ فٹبال کیلئے لیثررلیگز کے اس طرح کے اقدامات کی نہ صرف قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے بلکہ اپنا بھرپور تعاون بھی پیش کریں گے۔ریجنل منیجر پنجاب وقاص حسین نے ٹرائیلز کے اختتام پر شریک جملہ کھلاڑیوں، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا،صدر فیم کلب، ضیا ء ڈوگر، تجمل حسین اور انکی تمام ٹیم سے اظہار تشکر کیا۔ ریجنل منیجر کے پی کے اوراسلام آباد شاہ رخ سہیل، ریجنل منیجر بلوچستان سردار محمد، محمد نقاش ، سید مرتضیٰ، محمد زہیب و دیگر بھی ٹرائیلز کے دوران موجود تھے۔کوچ کیون ریویز تیسرے مرحلہ میں24اور 25اگست کو کوئٹہ کے جی اوآر گراؤنڈ اور رائل اسپورٹس سٹی گراؤنڈپر اوپن ٹرائیلز کے ذریعہ بلوچستان سے سوکا ورلڈ کپ ٹیم کیلئے کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گے۔

error: Content is protected !!