محمد حفیظ نے پی سی بی کے شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرا دیا

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)قومی ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرا دیا۔پی سی بی کے شوکاز نوٹس کے جواب میں محمد حفیظ نے مؤقف اپنایا کہ میرے انٹرویو کو سیاق وسباق سے ہٹ کر شائع کیا گیا اور مخصوص حصے کو اجاگر کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ انٹرویو میں آئی سی سی کو تنقید کا نشانہ نہیں بنایا بلکہ غلط فہمی کی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہوئی۔انہوں نے کہا کہ میں نےانٹرویو میں تفصیل سے بات کی لیکن ساری گفتگو شائع نہیں کی گئی۔یاد رہے کہ محمد حفیظ کو پی سی بی نے آئی سی سی کوتنقید کا نشانہ بنانے پر شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔واضح رہے کہ محمد حفیظ نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ مشکوک بولنگ ایکشن سے متعلق آئی سی سی کے قانون پر عملدرآمد کو دہرے معیار سے تعبیر کرتے ہیں، اس قانون پر طاقت، تعلقات اور نرم گوشہ اثرانداز ہوتے ہیں۔آل راؤنڈر نے سوال اٹھایا تھا کہ ایک انسانی آنکھ کیسے یہ دیکھ سکتی ہے کہ ان کی بولنگ 15 ڈگری کی مقررہ حد سے صرف ایک ڈگری زیادہ پر ہوئی ہے اور امپائرز اور میچ ریفریز کو ان کی 16 ڈگری پر بولنگ کرنا تو نظر آگیا لیکن دوسری جانب بہت سے ایسے بولرز بھی ہیں جو 25 یا 30 اور اس سے بھی زیادہ ڈگری پر بولنگ کر رہے ہیں لیکن وہ رپورٹ نہیں ہوئے۔محمد حفیظ کا مزید کہنا تھا کہ بہت سے کرکٹ بورڈز کی طاقت ہے جس کے سامنے کوئی بولنا نہیں چاہتا اور بہت سی جگہوں پر تعلقات ہیں جنہیں کوئی خراب کرنا نہیں چاہتا۔

error: Content is protected !!