محکمہ کھیل پنجاب کے زیراہتمام پنجاب انٹر ڈویژن اوپن سنوکر چیمپئن شپ 17جون سے شروع ہوگی

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) محکمہ کھیل پنجاب کے زیراہتمام پنجاب انٹر ڈویژن اوپن سنوکر چیمپئن شپ نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں 17جون سے شروع ہوگی، چیمپئن شپ 18جون تک جاری رہے گی، پنجاب سنوکر ایسوسی ایشن کے تعاون سے ہونے والی چیمپئن شپ میں پنجاب کی 9ڈویژنز کی ٹیمیں حصہ لیں گی، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سنوکر نوجوان کا مقبول کھیل ہے اور پاکستان سنوکر کا عالمی چیمپئن رہا ، پنجاب انٹر ڈویژن اوپن سنوکر چیمپئن شپ کے انعقاد سے سنوکر کے کھیل کو فروغ ملے گا، سنوکر کے کھیل کو سپورٹس بورڈ پنجاب نے شارٹ لسٹ کیا ہے جس کے تحت سنوکر کے کھلاڑیوں کے لئے تربیتی کیمپ بھی لگائے جائیں گے تاکہ سنوکر میں زیادہ سے زیادہ ٹائیٹل جیتنے کے لئے نئے کھلاڑی تیار کئے جاسکیں، سپورٹس بورڈ پنجاب نے ہمیشہ سپورٹس کے فروغ اور ترقی کو اولیت دی ہے،حال ہی میں سپورٹس بورڈ پنجاب نے پنجاب گیمز اور سالانہ سپورٹس کیلنڈر کے تحت ایونٹس منعقد کئے ہیں جن میں دور دراز کے پسماندہ علاقوں سے ہزاروں کھلاڑیوں نے حصہ لیا ہے، انہوں نے تمام ڈویژنل سپورٹس افسران کو ہدایت کی ہے کہ کھلاڑیوں کے ٹرائلز میرٹ پر لئے جائیں اور میرٹ پر ٹیمیں منتخب کی جائیں ۔پنجاب انٹرڈویژن اوپن سنوکر چیمپئن شپ کے لئے ٹرائلز14اور 15جون کو پنجاب کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز پر ہونگے، سلیکشن کمیٹی ڈویژنل سپورٹس آفیسر(کنوینئر)،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر(رکن)،سیکرٹری ڈویژنل سنوکر ایسوسی ایشن (سیکرٹری) اور سابق سنوکر کھلاڑی (رکن) پر مشتمل ہوںگی، ہر ڈویژنل ٹیم کے تین کھلاڑی ہوں گے، متعلقہ ڈویژن کا کھلاڑی ہی چیمپئن شپ میں حصہ لے سکے گا جبکہ ڈیپارٹمنٹل کھلاڑی حصہ نہیں لے سکے گا۔ پنجاب انٹر ڈویژن اوپن سنوکر چیممپئن شپ میں سنوکر کے قومی کھلاڑی بھی شرکت کریں گے۔

error: Content is protected !!