پاکستان انڈر 15بیس بال ٹیم کے کھلاڑی سید محمد شاہ انڈر 15ایشین بیس بال چیمپئن شپ کے بیسٹ ہٹر قرار

شینزین(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان انڈر 15بیس بال ٹیم کے کھلاڑی سید محمد شاہ انڈر 15ایشین بیس بال چیمپئن شپ کے بیسٹ ہٹر قرار پائے اور ان کی اس کارکرگی کی بنیاد پر نیشنل تائیوان یونیورسٹی آف سپورٹس تائی چنگ تائیوان نے انہیں مکمل اسکالرشپ اور سپانسر شپ کے لئے نامزد کرلیا ۔پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ کے مطابق چائنا کے شہر شینزین میں کھیلی گئی دسویں انڈر 15ایشین بیس بال چیمپئن شپ میں حصہ لینے والی پاکستان انڈر 15ٹیم وطن واپس پہنچ گئی ۔ ائیر پورٹ پر پاکستان فیڈریشن بیس بال کے سیکرٹری جنرل شیخ مظہر احمد نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ ٹیم کا استقبال کیا ۔ سید فخر شاہ نے بتایا کہ پاکستان ٹیم نے ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں نے اپنے کھیل سے ہر ایک کومتاثر کیا ۔ پاکستان کے نوجوان لیکن ناتجربہ کار کھلاڑیوں نے مخالف ٹیموں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ۔


سید فخر شاہ کے مطابق پاکستان کے تقریباً تمام ہی کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہر ہ کیا لیکن سید محمد خاور نے اپنی بہترین کارکردگی سے ہر ایک کو ہی متاثر کیا اسی لئے انہیں ٹورنامنٹ کا بہترین ہٹر قراردیا گیا ۔ سید محمد خاور کو ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کی بنیاد پرنیشنل تائیوان یونیورسٹی آف سپورٹس تائی چنگ تائیوان نے مکمل اسپانسر شپ اور سپانسر کے لئے نامزد کرلیا ۔ سید محمد خاور تاریخ کے پہلے پاکستانی کھلاڑی ہیں جنہیں بیرون ملک کسی یونیورسٹی میں حصول تعلیم کے لئے مکمل اسکالرشپ ایوارڈ کی گئی ہے ۔ سید فخر شاہ نے بتایا کہ پاکستان ٹیم کے ایک اور نوجوان کھلاڑی ذیشان امین کو ٹورنامنٹ کا بہترین آءوٹ فیلڈر قرار دیا گیا ۔اس ضمن میں پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر شوکت جاوید ، سینئر نائب صدر محمد محسن خان ، سیکرٹری جنرل شیخ مظہر احمد اور دیگر عہدیداروں نے پاکستانی کھلاڑیوں بالخصوص سید محمد خاور اور ذیشان امین کو مبارکباد دی ۔ فیڈریشن کے چیئرمین شوکت جاوید نے فخرشاہ کے نام اپنے پیغام میں ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو اس بہترین کارکردگی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے نوجوان اور ناتجربہ کار کھلاڑیوں نے جس طرح سے ایشیا کی بہترین ٹیموں کے کھلاڑیوں کا مقابلہ کیا وہ قابل تحسین ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سید محمد خاور اور ذیشان امین جیسے کھلاڑی اس ملک کا اثاثہ ہیں جنہوں نے بیرون ملک اپنے وطن کا نام روشن کیا ۔ٹورنامنٹ میں جاپان نے پہلی ، تائیوان نے دوسری ، کوریا نے تیسری ، چائنا نے چوتھی ، فلپائن نے پانچویں ، پاکستان نے چھٹی ، انڈونیشیا نے ساتویں جبکہ ہانگ کانگ نے آٹھویں پوزیشن حاصل کی ۔

error: Content is protected !!