یاسرشاہ کی تباہ کن باؤلنگ، پاکستان کی دوسرے ٹیسٹ پر گرفت مضبوط


دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ) یاسر شاہ کی جادوئی اور تباہ کن باؤلنگ کی بدولت پاکستان کی نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ پر گرفت مضبوط ہو گئی، نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 90 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور اسے فالو آن کی خفت کا سامنا کرنا پڑا، یاسر شاہ کی گھومتی ہوئی گیندوں کے سامنے کیویز بیٹنگ لائن اپ ریت کی دیوار ثابت ہوئی، کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا، 8 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے جبکہ 6 کھلاڑی صفر پر پویلین لوٹے، یاسر نے کیریئر بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 41 رنز کے عوض 8 کھلاڑیوں کو نشانہ عبرت بنایا، نیوزی لینڈ نے تیسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں 2 وکٹوں پر 131 رنز بنا لئے تھے اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 197 رنز درکار ہیں اور اس کی 8 وکٹیں باقی ہیں، روز ٹیلر 49 اور ٹام لیتھم 44 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، یاسر نے 2 وکٹیں لیں۔ پیر کو دبئی ٹیسٹ کے دوسرے روز نیوزی لینڈ نے 24 رنز بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو جیت راول 17 اور ٹام لیتھم 5 رنز پر کھیل رہے تھے

دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز سے دن کا آغاز کیا تاہم 50 کے سکور پر یاسر نے راول کو آؤٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی، انہوں نے 31 رنز بنائے، اس کے بعد یاسر شاہ نے جادوئی باؤلنگ کرتے ہوئے حریف بلے بازوں کو زیادہ دیر تک وکٹ پر ٹھہرنے کا موقع نہ دیا اور پوری ٹیم 90 رنز پر ڈھیر ہو گئی، اسطرح اسے فالو آن کی خفت کا سامنا کرنا پڑا، نیوزی لینڈ کے 8 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے جن میں سے 6 کھلاڑیوں کو رنز کا کھوتہ کھولنے کا موقع بھی نہ ملا، ٹام لیتھم 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کپتان کین ولیمسن 28 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، روز ٹیلر، ہنری نیکولز، کولن ڈی گرینڈ ہوم، آئش سودھی، نیل واگنر اور ٹرینٹ بولٹ صفر، اعجاز پٹیل 4 اور بی جے واٹلنگ ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے، یاسر شاہ نے 8 کھلاڑیوں کو نشانہ عبرت بنایا، حسن علی نے ایک وکٹ لی۔ جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم دوسری اننگز کیلئے جب میدان میں اتری تو 10 کے سکور پر اسے راول کا نقصان اٹھانا پڑا جو 2 رنز بنانے کے بعد یاسر کی گیند پر سٹمپ آؤٹ ہوئے، کپتان ولیمسن کیویز کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 30 رنز بنانے کے بعد یاسر کی گیند کا نشانہ بنے، اس کے بعد ٹام لیتھم اور روز ٹیلر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے دن ختم ہونے تک مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا، اسطرح تیسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو کیویز نے دوسری اننگز میں 2 وکٹوں پر 131 رنز بنا لئے تھے اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 197 رنز کی ضرورت ہے، ٹیلر 49 اور لیتھم 44 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں، یاسر شاہ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

error: Content is protected !!