ابوظہبی ٹیسٹ،کیویز 274پر آئوٹ،پاکستان پہلی اننگز میں 3وکٹوں پر 139رنز


ابوظہبی(سپورٹس لنک رپورٹ) نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان کے خلاف آخری اور فیصلہ کن کرکٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 274 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، بی جے واٹلنگ نے ڈٹ کر گرین شرٹس کے باؤلرز کا مقابلہ کیا اور 77 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، بلال آصف نے 5، یاسر شاہ نے 3، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں پاکستانی ٹیم نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 3 وکٹوں پر 139 رنز بنا لئے تھے اور اسے کیویز کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 135 رنز درکار ہیں، اظہر علی 62 اور اسد شفیق 26 رنز بنا کر کیویز باؤلرز کے سامنے ڈٹ گئے۔ ٹرینٹ بولٹ نے 2 اور ٹم ساؤتھی نے ایک وکٹ ل ی۔ منگل کو ابوظہبی ٹیسٹ کے دوسرے روز نیوزی لینڈ نے 229 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو پوری ٹیم 274 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، واٹلنگ ایک اینڈ پر ڈٹے رہے تاہم دوسری جانب کوئی بھی کھلاڑی ان کا ساتھ نہ دے سکا، واٹلنگ نے 77 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے، سومرویلی 12، اعجاز پٹیل 6 اور ٹرینٹ بولٹ ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے، بلال آصف نے 5، یاسر شاہ نے 3 جبکہ حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جواب میں پاکستانی ٹیم پہلی اننگز کیلئے جب میدان میں اتری تو اس کا آغاز مایوس کن تھا اور دوسرے ہی اوور میں اسے محمد حفیظ کا نقصان اٹھانا پڑا جو بغیر کوئی رن بنائے بولٹ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے

17 کے سکور پر پاکستان کی دوسری وکٹ گری جب امام الحق 9 رنز بنانے کے بعد بولٹ کی گیند کا نشانہ بنے، اس موقع پر اظہر علی نے حارث سہیل کے ساتھ مل کر ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی تاہم 85 کے سکور پر ٹم ساؤتھی نے حارث کو آؤٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ دی، انہوں نے 34 رنز بنائے، اس کے ساتھ اسد شفیق نے اظہر کا ساتھ دیا اور دونوں بلے بازوں نے دن ختم ہونے تک مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا، اسطرح دوسرے روز جب کھیل ختم ہوا پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنا لئے تھے اور اسے کیویز کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 135 رنز کی ضرورت ہے جبکہ اس کی 7 وکٹیں باقی ہیں، اظہر علی 62 اور اسد شفیق 26 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، بولٹ نے 2 اور ساؤتھی نے ایک وکٹ لی۔

error: Content is protected !!