احمد شہزاد کے مداحوں کیلئے بری خبر آگئی

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر احمد شہزاد قومی ٹیم کے دورہ انگلینڈ سے آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم اس ماہ کے آخر میں انگلینڈ روانہ ہو رہی ہے، جہاں میزبان ٹیم کے ساتھ 2 ٹیسٹ کھیلنے کے علاوہ سرفراز الیون آئرلینڈ کے ساتھ بھی ایک ٹیسٹ کھیلے گی۔

قومی سلیکشن کمیٹی نے دورے کے لیے جن کھلاڑیوں کا ابتدائی خاکہ تیار کیا ہے، اس میں 26 سال کے دائیں ہاتھ کے سلامی بلے باز احمد شہزاد کا نام شامل نہیں۔

اطلاعات ہیں کہ سلیکڑز 2 بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے کھلاڑیوں شان مسعود اور سمیع اسلم کو ٹیم میں رکھنے کا ذہن بنا چکے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال متحدہ عرب امارات میں سری لنکا کے مقابلے پر دونوں ہی بلے باز صرف ایک ایک بار ہی 50 سے زائد رنز کی باری لے سکے تھے۔

سمیع اسلم دو ٹیسٹ میں محض 93 اور شان مسعود 103 رنز اسکور کر سکے تھے۔

احمد شہزاد کے بارے میں ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی دونوں ہی طویل دورانیے کی کرکٹ میں نہیں سوچ رہے، اگرچہ اپریل 2017ء میں یہ دونوں تھے جس کے سبب لاہور سے تعلق رکھنے والے دائیں ہاتھ کے کھلاڑی ویسٹ انڈیز میں تینوں فارمیٹ کے لئے منتخب ہوئے تھے۔

برج ٹاؤن ٹیسٹ میں پہلی اننگز میں احمد شہزاد نے 70 رنز کی اننگ بھی کھیلی تھی تاہم والدہ کی علالت کے سبب وہ ڈومینیکا کا آخری ٹیسٹ چھوڑ کر وطن آگئے تھے۔

حیران کن طور پر سلیکشن کمیٹی نے انہیں سری لنکا کی ٹیسٹ سیریز سے ڈراپ کر دیا تھا اور اب ایک بار پھر 13 ٹیسٹ میچوں میں 40.91 کی اوسط سے 982 رنز بنانے والے احمد شہزاد ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کی منصوبہ بندی میں شامل نہیں ہیں۔

اس کے برعکس دورہ انگلینڈ پر بھیجے جانے والے شان مسعود کی 12 ٹیسٹ میں 23.54 کی اوسط سے 565 اور 13ٹیسٹ میچوں میں 31.58کی اوسط سے سمیع اسلم کے 758رنز ہیں۔

احمد شہزاد جو ٹیسٹ ،ون ڈے اور ٹی 20 میں سنچری بنانے والے پاکستان کے واحد بیٹس مین ہیں، ان کے لیے واحد اچھی خبر یہ ہے کہ انہیں اس سال جون میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف دو ٹی 20 میچوں کی سیریز میں شامل کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔

error: Content is protected !!