اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 164رنز کا ہدف

دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان سپر لیگ کے اٹھارویں میچ میں اوپنر اینٹن ڈیوچچ اور کپتان برینڈن میکلم کی بیٹنگ کی بدولت لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 164 رنز کا ہدف دے دیا۔دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں لاہور قلندرز کا آغاز شاندار تھا۔ اوپنرز فخر زمان اور ڈیو ڈیوچچ نے ٹیم کو 56 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا۔پہلی وکٹ فخر زمان کی صورت میں گری جو جے پی ڈومنی کی گیند پر لیوک رونچی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز آغا سلمان تھے شاداب خان کی گیند پر صاحبزادہ فرحان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔لاہور کے مڈل آرڈر نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے شاندار آغاز سے فائدہ نہ اٹھایا۔ آغا سلمان 8 اور دنیش رامدین 9 رنز بناکر پویلین روانہ ہوگئے۔

اگلے آؤٹ ہونے والے بلے باز اینٹن ڈیوچچ تھے جو 42 گیندوں پر 62 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد فہیم اشرف کی گیند کا شکار بنے۔رامدین کی سست رفتار بیٹنگ نے لاہور کی اننگز کی تسلسل کو خراب کی تاہم اختتامی اوورز میں برینڈن میکلم کی جارحانہ بلے بازی نے لاہور کو قابل دفاع ہدف تک پہنچا دیا۔میکلم نے 12 گیندوں 33 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس کے دوران انہوں نے 3 چھکے اور دو چوکے لگائے۔اسلام آباد کی جانب سے فہیم اشرف نے تین جبکہ محمد سمیع، شاداب خان اور جے پی ڈومنی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل  اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل کو گیارہ رکنی ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا جب کہ لاہور قلندرز کی ٹیم سنیل نارائن، انٹون ڈیوچ، عامر یامین، آغا سلمان، کپتان برینڈن میکولم، فخر زمان، سلمان ارشاد، دنیش رامدین، عمران خان جونیئر، سہیل خان اور یاسر  شاہ پر مشتمل ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی حتمی گیارہ رکنی ٹیم میں لیوک رونچی، صاحبزادہ فرحان، جے پی ڈومنی، کپتان مصباح الحق، حسین طلعت،آصف علی، شاداب خان، فہیم اشرف، اسٹیون فن، محمد سمیع اور سمت پٹیل شامل ہیں۔لاہور قلندرز کی ٹیم اب تک ایونٹ میں 5 میچز کھیل چکی ہے اور پانچوں میچوں میں اسے شکست کا سامنا رہا تاہم آج کپتان برینڈن میکولم جیت کے لئے پرعزم ہیں۔لاہور قلندر کو ایونٹ میں رہنے کے لئے اگلے میچز جیتنا ہوں گے، پوائنٹس ٹیبل پر بغیر کسی پوائنٹس کے ساتھ لاہور قلندرز سب سے پیچھے ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی بھی اب تک ایونٹ میں کارکردگی نپی تلی رہی اور اسے 5 میچز میں سے تین میں کامیابی اور دو میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ مصباح الیون اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

error: Content is protected !!