افغانستان کیخلاف اہم معرکے سے قبل کوچ کا پاکستانی کرکٹرز سے جذباتی خطاب

ہیڈنگلے(سپورٹس لنک رپورٹ) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے افغانستان کے خلاف میچ سے قبل کھلاڑیوں سے جذباتی خطاب کیا۔ہیڈنگلے گراؤنڈ میں ہونے والی ٹیم میٹنگ میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر کھلاڑیوں سے کہا کہ ورلڈ کپ میں ہمارے لیے ابھی بہت امکانات ہیں اس لیے آپ کو یہاں سے اپنے آپ کو مزید اعتماد کے ساتھ آگے لے کر جانا ہے، ٹورنامنٹ میں پاکستان بھی فاتح بن سکتا ہے۔ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم نے اپنے اگلے معرکے لیے جمعے سے ہیڈنگلے میں تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان میچ ہفتے کو اوول میں کھیلا جائے گا۔پاکستانی ٹیم نے پریکٹس سیشن سے پہلے گراؤنڈ میں بیٹھ کر طویل میٹنگ کی، اس دوران پچھلے میچ میں کارکردگی دکھانے والوں کی تعریف کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان ٹورنامنٹ میں اپنے شائقین کی توقعات پوری کرے گا اور جیت کا تسلسل برقرار رکھے گا۔کپتان سرفراز احمد جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ کو ہرانے کے بعد اچھی کارکردگی کے لیے پرامید ہیں۔سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ہماری توجہ افغانستان کے خلاف میچ پر ہے جس کے بعد ہم بنگلا دیش کے بارے میں سوچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دو میچ جیت لیے تو سیمی فائنل کے راستے خود ہی ہموار ہو جائیں گے۔قومی ٹیم کے کپتان کا مزید کہنا تھا کہ ہم ابھی وہاں تک کا نہیں سوچ رہے، افغانستان ایک خطرناک ٹیم ہے لہٰذا ہمیں ان کو شکست دینے کے لیے اپنی پوری کوشش کرنی ہو گی۔ سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ افغانستان کے پاس اعلیٰ معیار کے اسپنرز ہیں لہٰذا ہم ان کو آسان نہیں لیں گے اور اپنی پوری طاقت سے جائیں گے۔یاد رہے کہ ہیڈنگلے میں گزشتہ چار میں سے تین میچز پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیموں نے جیتے ہیں۔ورلڈ کپ میں افغانستان کی ٹیم تمام چھ میچ ہار کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکی ہے۔ ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں بھی ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکی ہیں۔پاکستان اور بنگلا دیش کے پوائنٹس 7، 7 ہیں لیکن بہتر رن ریٹ کی وجہ سے بنگلادیش پانچویں اور پاکستان چھٹے نمبر پر ہے جب کہ سری لنکن ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں پوزیشن پر موجود ہے۔

error: Content is protected !!