الیسٹر کک کا کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

لندن (سپورٹس لنک رپورٹ)انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان الیسٹر کک نے بھارت کے خلاف جاری ہوم سیریز کے آخر ٹیسٹ میچ کے بعد ریٹائرڈ ہونے کا اعلان کردیا ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق الیسٹر کک نے کرکٹ کو خیر باد کہنے کا فیصلہ چندماہ کے سوچ بچار کے بعد کیا ہے،انہوں نے اپنے اعلان میں کہا کہ میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ بھارت کے خلاف جاری سیریز کے پانچویں اور آخری ٹیسٹ کے بعد کرکٹ چھوڑ دوںگا۔الیسٹر کک نے کہا کہ ان کےلئے آج کا دن افسردہ کردینے والا ہے ،لیکن وہ اپنی زندگی کا سب سے بڑا فیصلہ چہرے پر مسکراہٹ کے ساتھ کررہے ہیں۔انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے 33 سالہ سابق کپتان نے کہا کہ انہوں نے اپنے تصور سے کہیں زیادہ حاصل کیا اور انگلینڈ کی جانب سے طویل عرصے  تک کھیلنے پر فخر ہے تاہم یہ وقت مناسب ہے کہ نئے     کھلاڑ یوں کو آگے آنے کا موقع دیا جائے۔الیسٹر کک کا کہنا تھا کہ وہ انگلینڈ کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیلیں گے تاہم کاؤنٹی کرکٹ میں ایسیکس ٹیم کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔سابق کپتان نے انگلینڈ کی جانب سے 160 ٹیسٹ، 92 ون ڈے اور 4 ٹی ٹوئنٹی میچزکھیلے ہیں اور ٹیسٹ کرکٹ میں 12ہزار 254،ون ڈے میں 3ہزار 204 اور ٹی ٹوئنٹی میں 61رنز اسکور کئے ۔انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 32 سنچریاں اور56 نصف سنچریاں جب کہ ایک روزہ کرکٹ میں 5 سنچریاں اور 19 نصف سنچریاں بھی بنائیں۔

error: Content is protected !!