انوشکا شرما کی 30ویں سالگرہ،،کوہلی کا محبت بھرا ٹویٹ

ممبئی(سپورٹس لنک رپورٹ) بالی وڈ اداکارہ اور بھارتی کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی کی اہلیہ انوشکا شرما آج اپنی 30 ویں سالگرہ منا رہی ہیں۔اس موقع پر انوشکا شرما نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے اعلان کیا کہ وہ ممبئی میں جانوروں کے لیے ایک پناہ گاہ (شیلٹر ہوم) بنا رہی ہیں جہاں ان کی دیکھ بھال کی جاسکے گی۔انوشکا نے اپنے پیغام میں کہا کہ جس طرح انسانوں کے حقوق ہوتے ہیں ویسے ہی جانوروں کے بھی حقوق ہوتے ہیں، لہذا ہمیں ان کا بھی سوچنا چاہیے اور ان کا خیال بھی رکھنا چاہیے۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان کی خدمت اور دیکھ بھال کریں اور گلیوں میں پلنے والے جانوروں کے تحفظ کے لیے کام کریں۔انوشکا کا کہنا تھا،  ‘میرا خواب تھا کہ میں اپنے بے زبان ساتھیوں کے لیے کچھ کروں جو آج پورا ہوگیا ہے اور مجھے امید ہے کہ اس کام میں سب مجھے سپورٹ کریں گے’۔انوشکا نے دلائی لامہ کا قول بھی تحریر کیا کہ ‘جانوروں کی دیکھ بھال کرو اور دنیا کو بہتر جگہ بناؤ’۔

دوسری جانب ویرات کوہلی نے اپنی اہلیہ انوشکا کو انسٹاگرام پر سالگرہ کی مبارک باد پیش کی اور ایک سیلفی شیئر کی، جس میں وہ انوشکا کو کیک کھلاتے نظر آئے۔ویرات نے انوشکا کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے انہیں ‘سب سے مثبت اور سچا’ بھی قرار دیا۔

انوشکا شرما نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 2008 میں پہلی فلم ’رب نے بنادی جوڑی‘ سے کیا تھا جس کے بعد اداکارہ نے کئی کامیاب فلمیں کیں جن میں ’جب تک ہے جان‘، لیڈیز ورسز وکی بہل‘، ’بینڈ باجا بارات‘، ’پی کے‘، ’سلطان‘ اور دیگر شامل ہیں۔  گذشتہ برس کے آخر میں انوشکا اور ویرات اٹلی کے شہر میلان میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔

error: Content is protected !!