انٹرنیشنل کرکٹرز کی عمران خان کو کامیابی پرمبارکباد

نئی دہلی (سپورٹس لنک رپورٹ)سابق بھارتی کرکٹ کپتان کپل دیو اور دیگر انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے بھی پی ٹی آئی چیئرمین کو الیکشن 2018میں کامیابی پر مبارکباد دی عام انتخابات 2018میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی کامیابی پر انٹرنیشنل کرکٹرز  کی جانب سے عمران خان کو مبارکباد پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔سابق بھارتی کرکٹ کپتان کپل دیو نے اپنے ویڈیو پیغام میں عمران خان کو مبارک باد دی اور کہا کہ عمران خان کا وزیراعظم بننا بہت خوشی کی بات ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار کوئی کھلاڑی وزیراعظم کے منصب پر فائز ہونے جا رہا ہے، لہذا دعا ہے کہ جس طرح انہوں نے کرکٹ کے میدان میں وطن کے لیے کام کیا، اس سے بہتر پاکستان کی خدمت کریں اور ترقی سے ہمکنار کریں۔کپل دیو کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان میں پہلے بھی جنون تھا اور اب بھی ہے اور اگر پاک-بھارت کرکٹ تعلقات بحال ہوئے تو انہیں بے حد خوشی ہوگی۔انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل)کے چیئرمین راجیو شکلا نے بھی انتخابات میں عمران خان کی کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کی اور کہا یہ میرا اعزاز ہے میں نے یہ پوزیشن حاصل کرنے کے لیے ان کی 22برس کی محنت دیکھی ہے۔ تبصرہ کار اور سابق انگلینڈ کرکٹر جیوفری بوائیکاٹ نے پی ٹی آئی چیئرمین کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کی ٹوئیٹ کا جواب دیتے ہوئے عمران خان کو زبردست کپتان اور کرکٹر قرار دیا اور انہیں مبارک باد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ بہتر کام کریں گے۔

error: Content is protected !!