انٹرڈویژن پنجاب اوپن باکسنگ ٹرائلز،سپورٹس بورڈ کا اہم اجلاس

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) سپورٹس بورڈ پنجاب میں انٹر ڈویژن پنجاب اوپن باکسنگ چیمپئین شپ کے حوالے سے اہم اجلاس پیرکے روز ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان کی صدارت میں منعقد ہوا،جس میں سیکرٹری پنجاب باکسنگ ایسوسی ایشن شرجیل ضیاء بٹ ، ڈپٹی ڈائریکٹر طارق وٹو ،بین الاقوامی ریفری ارشد جاوید قریشی ، اقبال شاہد،طارق گجر،سپورٹس بورڈ پنجاب کے سکیورٹی ہیڈ کرنل (ر) شبیر حسین اور دیگر نے شرکت کی، سیکرٹری پنجاب باکسنگ ایسوسی ایشن شرجیل ضیاء بٹ نے اجلاس کو بتایا کہ انٹرڈویژن پنجاب اوپن باکسنگ چیمپئن شپ کے ٹرائلز سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام مکمل ہوگئے ہیں، خوش آئند پہلو یہ ہے کہ ٹرائلز میں 100سے زائد خواتین باکسرز نے بھی حصہ لیا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ خواتین میں بھی باکسنگ کا بہت ٹیلنٹ ہے، شرجیل ضیاء بٹ نے مزید کہا کہ سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کی سرپرستی میں سپورٹس بورڈ پنجاب نے دو روزہ ٹرائلز کے لئے بہترین انتظامات کئے ، ٹرائلز اے آئی بی اے سٹینڈرڈ کے2 باکسنگ رنگز میں ہوئے جو کہ ملک کی باکسنگ کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے، اس موقع پر مرد اور خاتون ڈاکٹر زکی سہولت بھی فراہم کی گئی، ٹرائلز میں اٹک سے صادق آباد تک کے سیکڑوں باکسرز نے حصہ لیا، یہ ایک تاریخ رقم ہوئی کہ پنجاب کے پسماندہ علاقوں سے بھی باکسرز کی بڑی تعداد ٹرائلز میں شریک ہوئی، شرجیل ضیاء بٹ نے مزید کہا کہ ٹرائلز میں جیوری نے باکسرز کا انتخاب مکمل میرٹ پر کیا ہے۔ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا انٹرڈویژن پنجاب اوپن باکسنگ چیمپئین شپ میں نوجوان باکسرزکو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا، پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار کامیاب باکسرز کیلئے لاکھوں روپے کے انعامات رکھے گئے ہیں، چیمپئین شپ12سے15مئی تک نشترپارک سپورٹس کمپلیکس کے جمنیزیم ہال میں ہو گی جس کے لئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔

error: Content is protected !!