انٹر سکول ایج گروپ سوئمنگ چیمپئن شپ کا رنگا رنگ تقریب میں اختتام


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام انٹر سکول ایج گروپ سوئمنگ چیمپئن شپ پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس میں منعقد ہوئی، چیمپئن شپ میں 34 سرکاری اور نجی سکولوں کفائلز اپ لوڈ کریںے 450 سوئمرز نے جوش و خروش سے حصہ لیا، چیمپئن شپ میں 6 سے 18سال تک کے سوئمرز کے درمیان مقابلے ہوئے، شائقین کی بہت بڑی تعداد نے مقابلے دیکھے اور سوئمرز کی حوصلہ افزائی کی، آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، چیمپئن شپ کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی، سٹیشن کمانڈر نیوی ہیڈ کوارٹر کموڈور نعمت اللہ وفاقی محتسب برائے خواتین امور کشمالہ طارق اور ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کامیاب کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کئے اور ان کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان،ڈائریکٹر خصوصی ٹاسک انیس شیخ، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی، چیف کنسلٹنٹ شاہد فقیر ورک ، ڈپٹی ڈائریکٹر طارق وٹو، ڈپٹی ڈائریکٹر شاہد نظامی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ظہور احمد و دیگر بھی موجود تھے۔


صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انٹر سکول ایج گروپ سوئمنگ چیمپئن شپ میں سوئمرز نے جس گرمجوشی سے حصہ لیا وہ قابل تعریف ہے، کھلاڑی مقابلوں کے لئے پرجوش نظر آئے، نوجوانوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا، جس پر میں ان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی نے مزید کہا کہ تمام کھیلوں کے کھلاڑیوں کو بھرپور مواقع فراہم کریں گے، سوئمنگ چیمپئن شپ کے بعد دیگر کھیلوں کے ٹورنامنٹس بھی منعقد کرائیں گے،نوجوان سپورٹس کی جانب آئیں ، حکومت ان کو ہر طرح کی سہولتیں فراہم کریگی، سپورٹس دنیا میں سب سے مقبول شعبہ ہے جس میں چھوٹے چھوٹے ممالک نے اپنا مقام بنایا ہے، پاکستان کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، ہم ان کے ٹیلنٹ کو سامنے لے کر آئیں گے۔


سٹیشن کمانڈر نیوی ہیڈ کوارٹر کموڈور نعمت اللہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ چیمپئن شپ میں بچوں کے ساتھ ساتھ ان کے والدین نے بھی اہم کردار کیا ہے ، بچوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، سپورٹس سے بہتر کوئی مثبت سرگرمی نہیں ہوسکتی،سوئمرز نے شاندار کارکردگی کامظاہرہ کیا ہے، سپورٹس بوڈ پنجاب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جس نے اس خوبصورت ایونٹ کا اہتمام کیا ہے، ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوئمرز بچوں نے بہترین پرفارمنس دی ہے

سوئمرز کے لئے ایسے مواقع فراہم کرتے رہیں گے، یہ سوئمرز کے لئے اعزاز کی بات ہے کہ وہ ایک بین الاقوامی معیار کے پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس میں ہونے والے مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں، سپورٹس بورڈ پنجاب کھلاڑیوں کی ترقی کے لئے بھرپور اقدامات کررہا ہے۔ نوجوان بڑھ چڑھ کر سپورٹس میں حصہ لیں، ہم آپ سے ہر طرح کا تعاون کریں گے۔تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے سٹیشن کمانڈر نیوی ہیڈ کوارٹر کموڈور نعمت اللہ اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کو سوینئر دیئے۔

 

error: Content is protected !!