انڈر 19 ورلڈ کپ،کوارٹر فائنل میں آسڑیلیا نے انگلینڈ کو شکست دیدی

آکلینڈ (سپورٹس لنک رپورٹ)انڈر 19ورلڈکپ میں آسٹریلیا نے انگلش آنکھوں میں جگمگاتے خواب نوچ لئے ،کوارٹر فائنل میں لائیڈ پوپ کی تاریخی باؤلنگ نے 128رنز کے معمولی ہدف کا تعاقب کرنیوالی انگلش ٹیم کو 96رنز پر سمیٹ دیا ،47رنز کی اوپننگ شراکت کے بعد انگلینڈ نے 49رنز میں 10وکٹیں گنوا دیں،8وکٹیں لینے والے لیگ سپنر لائیڈ پوپ کو مردمیدان قرار دیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق لائیڈ پوپ کی ریکارڈ ساز باؤلنگ کی بدولت آسٹریلوی ٹیم انڈر 19ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی،گزشتہ روز پہلے کوارٹر فائنل میچ میں آسٹریلوی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 33.3 اوورز میں 127 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، کپتان جیسن سانگھا نے 58 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو مکمل تباہی سے بچایا، برینٹ 16، ایونز 12 اور میک سوینی 10 رنز بنا سکے۔انتہائی کم رنز کی وجہ سے ایسا محسو س ہو رہا تھا کہ ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کا سفر تمام ہو گیا ہے اور اس بات کو تقویت اس وقت ملی جب انگلش اوپنر ز نے ٹیم کو 47رنز کا قابل ذکر آغاز فراہم کیا ،لیکن پھر آسٹریلوی کپتان لیگ سپنر لائیڈ پوپ کو اٹیک پر لے کر آئے جنہوں نے انگلش بیٹنگ لائن کی دھجیاں اڑاتے ہوئے آسٹریلیا کی یقینی شکست کو فتح میں بدل دیا ۔ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم 24ویں اوور میں 96رنز پر ڈھیر ہو کر 31رنز سے میچ ہا ر گئی ، بینٹن کے سوا انگلینڈ کا کوئی بھی کھلاڑی پوپ کی جادوئی سپن باؤلنگ کا مقابلہ نہ کر سکا اور اس کے 9کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی حاصل نہ کر سکے ، پوپ نے 9.4اوورز میں صرف 35رنز کے عوض 8حریف بلے بازوں کو ٹھکانے لگایا ۔ بینٹن 58رنز کیساتھ نمایاں بلے باز رہے ،شاندار با ؤلنگ پر لیگ سپنر لائیڈ پوپ کو مین آف دی میچ کاایوارڈ دیا گیا ۔عرصے بعد کسی سپنر کی جانب سے اس پائے کی باؤلنگ دیکھ کر شائقین اور کمنٹیٹرز حیران رہ گئے جنہوں نے پوپ کو مستقبل کا شین وارن قرار دیا ۔

error: Content is protected !!