انڈر19ورلڈ کپ،پاکستان کو شکست،بھارت فائنل میں پہنچ گیا

آئی سی سی انڈر۔19کرکٹ ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت پاکستان کو203رنز سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا، فائنل میں آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

شوبمن گل کو ناقابل شکست سنچری پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارتی کپتان پرتھوی شا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیااور منجوٹ کالراکے ساتھ مل کر 89رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، پرتھوی شا 41رنز کی اننگز کھیل کر منجوٹ کا ساتھ چھوڑ گئے، کپتان کے آؤٹ ہونے کے بعد منجوٹ کالرا بھی زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے اور 47رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔

شوبمن گل کا ساتھ دینے کے لئے ڈیسائی میدان میں اُترے اور دونوں بیٹسمینوں نے 54رنز جوڑ کر مجموعی اسکور 148رنز تک پہنچادیا، ڈیسائی 20رنز بناکرآؤٹ ہوگئے۔

اس دورن شوبمن گل نےوکٹ کے چاروں طرف دلکش اسٹروکس کھیلتے ہوئے سنچری مکمل کی،وہ 102رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ انوکل رائے 33اور شووم ماوی 10رنز بناسکے ۔یوں بھارت کی ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر272رنز بنالئے۔

پاکستان کی طرف سے محمد موسیٰ نے چاراور ارشد اقبال نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم کو ابتداء ہی سے مشکلات کا سامنا رہا ، صرف 10رنز پراوپنر محمد زاہد عالم 7رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، پاکستان کا کوئی بھی بیٹسمین بھارتی بولرز کا جم کر مقابلہ نہ کرسکا، ایک بعد ایک وکٹ گرنے کا ایسا سلسلہ شروع ہوا جس نے رکنے کا نام نہ لیا اور پوری ٹیم صرف 69 رنز پر بناسکی۔

روحیل نذیر18، سعد خان 15اور محمد موسیٰ 11 کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین ڈبل فیگر میں اسکور نہ کر سکا۔

ایشان پوریل نےصرف 17رنز کے عوض 4جبکہ شیوا سنگھ اور ریان پراگ نے دو، دوکھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ایونٹ کا فائنل 3فروری کو آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان بے اوول، ماؤنگانو میں کھیلا جائے گا۔

error: Content is protected !!