انگلینڈ اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ایشز سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ کل شروع ہوگا

برمنگھم(سپورٹس لنک رپورٹ) انگلینڈ اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل ایشز سیریز کا پہلا میچ کل جمعرات سے برمنگھم میں شروع ہوگا۔ انگلینڈ پانچ ٹیسٹ میچز پر مشمتل ایشز سیریز کی میزبانی کریگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچز کے علاوہ دو ٹور میچز بھی کھیلے جائینگے۔ انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان ایشز سیریز کا پہلا میچ کل جمعرات سے 5 اگست تک برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔ انگلینڈ ٹیم کی قیادت جو روٹ کرینگے جبکہ کینگروز کی قیادت ٹم پین کرینگے۔ آسٹریلوی ٹیم رواں سال ایشز سیریز کے دفاع کے لئے میدان میں اترے گی۔ اس سے قبل گزشتہ کھیلی سیریز میں کینگروز نے انگلینڈ کو پانچ میچوں کی سیریز میں 4-0 سے شکست دی تھی جبکہ میلبورن کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کا چوتھا میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ہی ختم ہوگیا تھا۔ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ایشز سیریز کا پہلا ٹیسٹ یکم سے 5 اگست تک برمنگھم میں کھیلا جائے گا، اس کے بعد آسٹریلوی ٹیم ایک تین روزہ ٹور میچ کھیلے گی، جو 7 سے 9 اگست تک ورسسٹر میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 14 سے 18 اگست تک لندن میں کھیلا جائیگا، تیسرا ٹیسٹ میچ 22 سے 26 اگست تک لیڈز کے مقام پر کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد آسٹریلوی ٹیم ایک اور تین روزہ ٹور میچ کھیلے گی جو 29 سے 31 اگست تک دربی کے مقام پر کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا چوتھا ٹیسٹ میچ 4 سے 8 ستمبر تک مانچسٹر میں کھیلا جائے گا جبکہ پانچواں اور آخری ٹیسٹ میچ 12 سے 16 ستمبر تک لندن میں کھیلا جائے گا۔ ایشز سیریز کے لئے انگلینڈ ٹیم کی قیادت جو روٹ کرینگے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں معین علی، جیمز اینڈرسن، جوفرا آرچر، جونی بیئرسٹو، سٹورٹ براڈ، روری برنز، جوز بٹلر، ثام کیورن، جوئے ڈینلی، جیسن روئے، بین سٹوکس، اولی سٹون اور کرس ووکس شامل ہیں۔ دفاعی چیمپئن آسٹریلوی ٹیم کی قیادت ٹم پین کرینگے دیگر کھلاڑیوں میں ڈیوڈ وارنر، مارکس ہیرس، کیمرون بینکرافٹ، عثمان خواجہ، سٹیون سمتھ، ٹریوس ہیڈ، میتھیو ویڈ، مارنس لبو چگ نے، مچل مارش، جیمز پیٹنسن، مچل سٹارک، پیٹ کمنز، پیٹر سڈل، جوش ہیزلووڈ، نیتھن لیون اور مائیکل نیسر شامل ہیں۔

error: Content is protected !!