انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان واحد ٹی ٹوئنٹی اتوار کو کارڈف میں کھیلا جائیگا

کارڈف(سپورٹس لنک رپورٹ)انگلینڈ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان واحد ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ اتوار کو کارڈف میں کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل پاکستان ٹیم نے کھیلے گئے تینوں ٹور میچز میں کامیابی حاصل کرکے انگلینڈ ٹیم کے لئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ گرین شرٹس نے پہلے ایک روزہ ٹور میچ میں کینٹ ،دوسرے میں نارتھمپٹن شائر اور تیسرے میں لیسٹر کو شکست دے کر دورہ انگلینڈ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا ہے۔پاکستان ٹیم نے کینٹ کو پہلے ٹور میچ میں 100 رنز، نارٹھمپٹن شائر کو دوسرے ٹور میچ میں 8 وکٹوں جبکہ لیسٹر کو تیسرے ٹور میچ میں 58 رنز سے شکست دی تھی۔دوسری جانب دونوں ممالک کے مابین ابھی تک14ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گئے جس میں9میں انگلینڈ اور4میں پاکستان نے فتح حاصل کی اور ایک میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا۔پاکستان کو پہلے ٹی 20 میچ میں ممکنہ طور پر محمد حفیظ اور شعیب ملک کی خدمات حاصل نہیں ہونگی۔شعیب ملک نجی مصروفیات کی وجہ سے 10روز کی رخصت پر ہیں جبکہ محمد حفیظ تاحال فٹ نہیں ہوسکے ہیں۔ گرین شرٹس دورے کے دوران انگلینڈ کے خلاف واحد ٹی ٹونٹی اور پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 8 مئی، دوسرا میچ 11 مئی، تیسرا میچ 14 مئی، چوتھا میچ 17 مئی جبکہ پانچواں اور آخری میچ 19 مئی کو کھیلا جائے گا۔

error: Content is protected !!