انگلینڈ کیخلاف سیریز میں کم بیک کرینگے،کوہلی


نوٹنگھم (سپورٹس لنک رپورٹ) بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے ہاتھوں مسلسل دو میچوں میں شکست کے باوجود ٹیم کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ میزبان ٹیم کو تیسرے میچ میں شکست دیکر سیریز میں جاندار کم بیک کریں گے۔ انگلینڈ نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھارتی ٹیم کو ایک اننگز اور 159 رنز سے شکست دی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ 18 اگست سے نوٹنگھم میں شروع ہوگا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بھارتی قائد نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے دو میچوں میں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ ان شکستوں کے باوجود ٹیم کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم شکست کو مثبت لیں گے اور سیریز کے آخری تین میچز میں بہتر کھیل پیش کر کے سیریز جیتنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم ٹیسٹ سیریز میں اچھا کھیل پیش کر رہی ہے اس لئے سیریز میں اسے زیر کرنے کیلئے کھلاڑیوں کو تینوں شعبوں میں سو فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی۔

error: Content is protected !!