انگلینڈ کیخلاف ہوم سیریز،پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کا اعلان رواں ماہ کے آخری ہفتے میں ہوگا

اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لئے حتمی 15رکنی ٹیم کا اعلان رواں ماہ کے آخری ہفتے کرے گی۔ پاکستان بلائنڈ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے اتوار کو ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ پی بی سی سی نے انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لئے 20 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کر لیا ہے تاہم حتمی15رکنی ٹیم کا اعلان رواں ماہ کے آخری ہفتے میں کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ شارٹ لسٹ کئے گئے کھلاڑیوں میں بی ون کیٹیگری میں ریاست خان، ظفر اقبال، ساجد نواز، فخر عباس، شفیع اللہ، شاہ زیب اور نثار علی شامل ہیں۔ بی ٹو میں بدر منیر، مطیع اللہ، معین اسلم، ایوب خان، شاہ زیب حیدر، ہارون خان اور انیس جاوید جبکہ بی تھری کیٹیگری میں محمد راشد، محمد اعجاز، محسن خان، ثناء اللہ خان مروت، محمد اکرم اور اکمل حیات شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان 6 ٹی 20 میچوں کی سیریز رواں سال11 سے 19 نومبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیریز کی تیاری کے لئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ نومبر کے پہلے ہفتے میں لگایا جائے گا۔ پاکستان اور انگلینڈ کے مابین سیریز کے تمام میچز متحدہ عرب امارات کے عجمان، اوول اور شارجہ کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے جائیں گے۔

error: Content is protected !!