آئی سی سی نے کرکٹ کرپشن الزامات پر سری لنکا کے 2کرکٹرز کو معطل کردیا

کولمبو/دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ )انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے سری لنکن کرکٹ ٹیم میں شامل 2سابق کھلاڑیوں پر کرپشن کے چارجز کی تحقیقات کے بعد فرد جرم عائد کردی ہے۔ کرپشن کے چارجزایمرٹس کرکٹ بورڈ کی طرف سے سری لنکن کھلاڑیوں نوان زوئسا اور ایوشکا گوناوردھنے پرلگائے گئے ہیں۔دونوں کھلاڑیوں پر دسمبر 2017میں کھیلی گئی ٹی 10لیگ میں کرپشن کے الزامات عائد کیے گئے۔ آئی سی سی نے تحقیقات کے بعد دونوں سابق کھلاڑیوں کو کرپشن میں ملوث قراردیکر فرد جرم عائد کردی ہے ۔ گوناوردھنے کو معطل بھی کر دیا گیا ہے۔زوئسا اور گوناوردھنے کو اپنی صفائی پیش کرنے کے لیے چودہ روز کا وقت بھی دیا گیا ہے۔یاد رہے گزشتہ سال اکتوبر میں سری لنکن کرکٹ بورڈ کے چیف فنانشل آفیسر پیال نندانا کو کرپشن کے الزام میں گرفتارکرلیا گیا تھا۔پپال نندانا کو گرفتار کیا گیا تو سری لنکن کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اس وقت کے وفاقی وزیر تیل ارجنا رانا ٹنگا نے بھارت سے مدد مانگ لی تھی۔سابق سری لنکن کپتان نے خیال ظاہر کیا تھا کہ بھارتی ایجنسی سی بی آئی سری لنکن کرکٹ بورڈ سے کرپشن بہتر انداز سے ختم کرسکتی ہے۔ اس بیان پر بھی اندرون ملک انہیں سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔معطل وفاقی وزیرپٹرولیم اور سابق سری لنکن کپتان اس وقت بھی عالمی ذرائع ابلاغ میں شہ سرخیوں کی زینت بن گئے تھے جب انہوں نے کرکٹ کو سٹے بازوں کا کھیل قرار دیا تھا۔ورلڈ کپ کی فاتح سری لنکن کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اورموجودہ دور کے سیاستدان ارجنا رانا ٹنگا نے کہا تھا کہ میں ایمانداری سے بتاتا ہوں کہ ہمارے ملک کی کرکٹ انتظامیہ بہت خراب ہے۔ ان کا الزام تھا کہ کرکٹ کو جواری چلارہے ہیں اور یہ اب سٹے بازوں کا کھیل بن چکا ہے۔

error: Content is protected !!