آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائنگ رائونڈ،افغانستان کو ہانگ کانگ نے ہرا دیا

بلاوایو(سپورٹس لنک رپورٹ)افغانستان کی ورلڈ کپ 2019ء تک رسائی کی امیدوں کو بڑا جھٹکا لگ گیا جب اسے بارش سے متاثرہ میچ میں ڈک ورتھ اینڈ لوئس میتھڈ پرہانگ کانگ کیخلاف بھی 30 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اب اسے کوالیفائی کرنے کیلئے کسی معجزے پر انحصار کرنا ہوگا،یہ فاتح ٹیم کی آئی سی سی کے مکمل رکن ممالک کیخلاف اولین کامیابی بھی ہے۔ایتھلیٹک کلب پر ہانگ کانگ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آٹھ وکٹوں پر 241 رنز بنائے ۔ بارش کے سبب 46 اوورز میں 226 رنز کا ہدف ملنے پر افغان ٹیم نو وکٹوں پر 195 رنز بنا سکی،آف سپنر احسان خان چار وکٹیں لے کر مرد میدان قرار پائے جبکہ ندیم احمد نے بھی دو وکٹیں حاصل کیں۔ کوئنز سپورٹس کلب پر نیپال کی ٹیم کپتان پارس کھڑکا کے 63 اور بسنتا ریگمی کے 24 ناٹ آؤٹ کی بدولت 149 رنز بنا سکی۔سٹورٹ وٹنگھم نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں سکاٹ لینڈ نے مرد میدان کائیل کوئٹزر کے ناقابل شکست 88 رنز کے سہارے چار وکٹوں سے فتح سمیٹ لی۔اولڈ ہرارینز میں پاپوا نیو گنی نے 200 رنز بنائے ویسٹ انڈیز نے مرد میدان جیسن ہولڈر کے ناقابل شکست 99 اور شائی ہوپ کے 49 رنز کی بدولت چھ وکٹوں سے فتح یقینی بنائی۔ ہرارے سپورٹس کلب پر یو اے ای نے مرد میدان روحان مصطفی کی پانچ وکٹوں اور چراغ سوری کے ناقابل تسخیر 78 رنز کے سبب ہالینڈ کو چھ وکٹوں سے زیر کرلیا۔

error: Content is protected !!