آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا شیڈول بھی جاری

دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ )انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مینز کے ساتھ ساتھ ویمن ٹی 20 ورلڈ کپ 2020 کے شیڈول کا بھی اعلان کردیا۔آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے اس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا باقاعدہ آغاز 21 فروری سے ہوگا اور یہ 8 مارچ 2020 تک جاری رہے گا۔ایونٹ میں دنیا بھر سے 10 بہترین ویمن ٹی ٹوئنٹی ٹیمز شرکت کریں گی جبکہ میزبان آسٹریلیا ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل 15 سے 20 فروری کے دوران ایڈیلیڈ اور برسبین میں وارم اپ میچز بھی کھیلے جائیں گے۔خواتین کرکٹ کے عالمی میلے کے 23 میچز آسٹریلیا کے 6 شہروں میں کھیلے جائیں گے، جس کے لیے ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی طرح اس میں بھی روایتی حریف پاکستان اور بھارت کو الگ الگ گروپس میں رکھا گیا ہے۔گروپ اے میں آسٹریلیا، بھارت، نیوزی لینڈ، سری لنکا اور ایک کوالیفائر شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں پاکستان، جنوبی افریقہ، ونڈیز (ویسٹ انڈیز) ، انگلینڈ اور ایک کوالیفائر شامل ہوں گی۔ایونٹ میں قومی ویمن ٹیم اپنا پہلا میچ 26 فروری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی جبکہ گرین شرٹس 28 فروری کو انگلینڈ، 29 فروری اور یکم مارچ کو جنوبی افریقہ اور 3 مارچ کو کوالیفائر ٹیم کے مدمقابل آئے گی۔ویمن ٹی ٹوئنٹی کا پہلا اور دوسرا سیمی فائنل 5 مارچ کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا جبکہ ایونٹ کا فائنل 8 مارچ کو میلبرن کے تاریخی اسٹیڈیم میں ہوگا۔واضح رہے کہ ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل 8 مارچ کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر رکھا گیا ہے اور یہ خواتین کے کھیلوں میں آڈیینس کی موجودگی کا نیا عالمی ریکارڈ بنانے کا موقع ہوگا۔

error: Content is protected !!