آئی پی آیل،،،شیکھر دھون کی شاندار اننگز،سن رائزرز حیدر آباد فاتح


حیدرآباد (سپورٹس لنک رپورٹ)آئی پی ایل سیزن گیارہ کے چوتھے میچ میں شیکھر دھون نے ناقابل شکست 77 رنز کی بدولت مرد میدان کا ایوارڈ حاصل کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو اس وقت نو وکٹوں سے فتح دلادی جب 25 بالز کا کھیل باقی تھا،راجستھان رائلز کے سنجو سیمسن کے 49 رنز رائیگاں چلے گئے۔ راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں سن رائزرز حیدرآباد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈ سنبھالی اور راجستھان رائلز کے کسی بھی بیٹسمین کو جم کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ سنجو سیمسن نے پانچ چوکوں سمیت 49 رنز بنائے جبکہ شیریاس گوپال 18،راہول تریپاٹھی 17 اور کپتان اجنکیا رہانے 13 رنز بنا کر مجموعہ نو وکٹوں پر 125 رنز تک ہی لے جا سکے۔ شکیب الحسن اور سدارتھ کول نے دو،دو کھلاڑیوں کو برخاست کیا۔ سن رائزرز حیدرآباد کی جوابی اننگز میں اگرچہ وریدھمان ساہا محض پانچ رنز پر میدان چھوڑ گئے لیکن شیکھر دھون اور کپتان کین ولیمسن نے دوسری وکٹ پر 121 رنز کی ناقابل تسخیر شراکت قائم کر کے نو وکٹوں سے فتح کا سامان کر دیا۔ شیکھر دھون نے 77 رنز میں 13 چوکے اور ایک چھکا لگایا جبکہ کین ولیمسن تین چوکوں اور ایک چھکے سمیت 36 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ آج چنئی سپر کنگز کا مقابلہ کولکتا نائٹ رائیڈرز سے ہوگا۔

error: Content is protected !!