آئی پی ایل،،دھونی کے ناقابل شکست70رنز،،چنائی سپر کنگز ٹاپ پر


بنگلور(سپورٹس لنک رپورٹ)آئی پی ایل سیزن گیارہ کے 24 ویں میچ میں مہندر سنگھ دھونی نے کپتان کی ذمہ داری نبھاتے ہوئے چنئی سپرکنگز کو ٹاپ پر پہنچا دیا،وہ ناقابل شکست 70رنزبنا کرمرد میدان قرار پائے،رائل چیلنجرز بنگلورکو پانچ وکٹوں سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ ایم چنا سوامی اسٹیڈیم میں ٹاس جیت کر چنئی سپر کنگز نے رائل چیلنجرز بنگلور کو پہلے بیٹنگ کیلئے طلب کیا تو کپتان ویرات کوہلی اٹھارہ رنز بنا کر چلتے بنے لیکن کوئنٹن ڈی کوک نے ابراہام ڈی ویلیئرز کے ساتھ دوسری وکٹ پر 103 رنز کی شراکت قائم کرڈالی۔ کوئنٹن ڈی کوک نے 53 رنز میں ایک چوکا اور چار چھکے لگائے جبکہ ابراہام ڈی ویلیئرز نے 68 رنز کو دو چوکوں اور آٹھ چھکوں سے سجایا لیکن ان کے بعد مندیپ سنگھ ہی تین چھکوں اور ایک چوکے سمیت 32 رنز بنا سکے اور مجموعہ آٹھ وکٹوں پر 205 رنز رہا۔ شردل ٹھاکر،عمران طاہر اور ڈوین براوو نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں۔ جوابی اننگز میں چنئی سپر کنگز کو اچھا آغاز نہیں مل سکا جب اس کی 74 رنز پر چار وکٹیں گر گئیں اور امباتی رایودو ایک جانب سے کریز پر ڈٹے رہے جنہوں نے اپنے کپتان مہندر سنگھ دھونی کے ساتھ مل کر پانچویں وکٹ پر 101 رنز کی شراکت سے فتح کی راہیں ہموار کر دیں۔ امباتی رایودو نے 82 رنز کی جاندار اننگز میں تین چوکے اور آٹھ چھکے لگائے جبکہ مہندر سنگھ دھونی نے سات چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے ناقابل شکست 70 رنز بنا کر مرد میدان کا ایوارڈ قبضے میں کرلیا۔ڈوین براوو بھی 14 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ یزویندر چاہل کی دو وکٹیں کسی کام نہ آ سکیں۔
error: Content is protected !!