آسٹریلیا کی دوسرے ٹیسٹ پر گرفت مضبوط، بھارت پر شکست کے سیاہ بادل منڈلانے لگے


پرتھ (سپورٹس لنک رپورٹ) آسٹریلیا اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا ہے، آسٹریلیاکی میچ پر گرفت مضبوط ہے جبکہ بھارت پر شکست کے سیاہ بادل منڈلانے لگے ہیں، آسٹریلوی ٹیم دوسری اننگز میں 243 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اس نے بھارت کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 287 رنز کا ہدف دیا، عثمان خواجہ نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 72 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، محمد شامی نے کیریئر بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جواب میں بھارتی ٹیم دوسری اننگز میں مشکلات سے دوچار ہے اور اس نے چوتھے روز کھیل ختم ہونے تک 5 وکٹوں پر 112 رنز بنا لئے تھے، مہمان ٹیم کو فتح کیلئے مزید 175 رنز اور کینگروز کو 5 وکٹوں کی ضرورت ہے، وہاری 24 اور ریشبھ پانٹ 9 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔پیر کو پرتھ ٹیسٹ کے چوتھے روز آسٹریلوی ٹیم نے 132 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر دوسری نا مکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو پوری ٹیم 243 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اس نے بھارت کو کامیابی کیلئے مجموعی طور پر 287 رنز کا ہدف دیا، عثمان خواجہ کے سوا کینگروز کا کوئی بھی بلے باز خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، خواجہ نے 72 رنز کی اننگز کھیل کر باؤلرز کو فائٹنگ ٹوٹل فراہم کیا، ٹم پین 37، پیٹ کمنز ایک، مچل سٹارک 14، نیتھن لیون 5 رنز بنا کر آؤٹہوئے، ہیزلووڈ 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، شامی نے 6، بمرا نے 3 اور ایشانت شرما نے ایک وکٹ لی۔جواب میں بھارتی ٹیم ہدف کے تعاقب میں دوسری اننگز کیلئے جب میدان میں اتری تو اس کا ا?غاز مایوس کن تھا اور پہلے ہی اوور میں اسے لوکیش راہول کا نقصان اٹھانا پڑا جو بغیر کوئی رن بنائے سٹارک کی گیند پر بولڈ ہوئے، 13 کے سکور پر ہیزلووڈ نے چیتشور پوجارا کو آؤٹ کر کے چلتا کیا، وہ صرف 4 رنز بنا سکے، 48 کے مجموعی سکور پر بھارتی ٹیم کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب کپتان ویرات کوہلی 17 رنز بنانے کے بعد نیتھن لیون کی گیند کا نشانہ بنے، مرلی وجے کا بلا بھی نہ چلا اور 20 رنز بنا کر لیون کی گیند پر بولڈ ہوئے، اس موقع پر اجنکیا راہانے نے وہاری کے ساتھ مل کر ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی تاہم 98 کے سکور پر ہیزلووڈ نے راہانے کو آؤٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، انہوں نے 30 رنز بنائے، اس کے بعد وہاری اور ریشبھ پانٹ نے محتاط انداز اپنایا اور دن ختم ہونے تک مزید نقصان نہ ہونے دیا، اسطرح چوتھے روز جب کھیل ختم ہوا تو بھارت نے 5 وکٹوں پر 112 رنز بنا لئے تھے، بھارتی کو فتح کیلئے مزید 175 رنز اور آسٹریلیا کو 5 وکٹیں درکار ہیں، وہاری 24 اور پانٹ 9 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، ہیزلووڈ اور نیتھن لیون نے دو، دو جبکہ سٹارک نے ایک وکٹ لی۔

error: Content is protected !!