آصف باجوہ 75ارکان کے ووٹ لیکر باقاعدہ سیکرٹری ہاکی فیڈریشن تعینات

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)سابق اولمپیئن آصف باجوہ کو باضابطہ طور پر پاکستان ہاکی فیڈریشن(پی ایچ ایف) کا سیکریٹری جنرل تعینات کردیا گیا ہے۔سابق عظیم اولمپیئن شہباز سینئر کے استعفے کے بعد سے سیکریٹری جنرل کا عہدہ خالی تھا لیکن منگل کو آصف باجوہ بھاری اکثریت سے سیکریٹری جنرل منتخب ہو گئے۔پی ایچ ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے بعد کانگریس کے اراکین نے بھی آصف باجوہ کو بھاری اکثریت میں ووٹ دے کر ان پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔ہاکی فیڈریشن کونسل کے 110 ارکان میں سے 75 نے آصف باجوہ کو سیکریٹری جنرل بنانے کے حق میں ووٹ دیے۔سابق اولمپیئن کو رواں سال مئی میں پی ایچ ایف کے صدر نے سیکریٹری مقرر کیا تھا تاہم اب ایگزیکٹو بورڈ اور کانگریس اراکین کی جانب سے انتخاب کے بعد ان کی باضابطہ طور پر تقرری عمل میں آئی ہے۔آصف باجوہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج سے میرا ایک ہی ہدف ہے کہ پاکستان ہاکی کو بہتر سے بہتر بنایا جائے اور مقامی سطح پر ہاکی کی سرگرمیوں میں اضافہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ دو سال کے وقفے کے بعد نیشنل ہاکی چیمپیئن شپ کے دوبارہ آغاز قومی کھیل کے لیے خوش آئند امر ہے اور امید ہے اس سال کے ایونٹ سے ہمیں نئے کھلاڑی ملیں گے۔آصف باجوہ دوسری مرتبہ ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری منتخب ہوئے ہیں جہاں اس سے قبل بھی وہ 2008 سے 2013 تک اسی عہدے پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔سابق سیکریٹری جنرل شہباز سینئر کے دور میں پاکستانی ہاکی تنزلی کا شکار رہی جہاں عالمی سطح پر پاکستان کی رینکنگ دن بدن گرتی رہی بلکہ مقامی سطح پر ڈومیسٹک ہاکی ایونٹس کا انعقاد بھی نہ ہو سکا اور فیڈریشن پر مالی بے ضابطگی کے الزامات عائد کیے جاتے رہے۔ہاکی فیڈریشن کے صدر خالد سجاد کھوکھر نے منظور جونیئر کی سربراہی میں نئی سلیکشن کمیٹی کا بھی اعلان کر دیا ہے جبکہ پی ایچ ایف کے قوانین میں ترامیم کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔

error: Content is protected !!