آل پاکستان انٹربورڈز گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ 28نومبر سے اسلام آباد میں کھیلی جائیگی

اسلام آباد ۔ (سپورٹس لنک رپورٹ) آل پاکستان انٹر بورڈز کے زیراہتمام اور راولپنڈی بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے تعاون سے آل پاکستان انٹر بورڈز گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ 28 نومبر سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد کے حمیدی ہال میں شروع ہو گی۔ چیمپئن شپ کا افتتاح راولپنڈی بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے چیئرمین ڈاکٹر تنویر ظفر کریں گے جبکہ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے چیئرمین کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان ہوں گے۔ٹورنامنٹ میں سے ابھی تک دس بورڈز نے شرکت کی تصدیق کی ہے جن میں میزبان راولپنڈی، لاہور، لاڑکانہ،حیدرآباد، ایبٹ آباد، مردان، پشاور، ساہیوال، بہاولپور اور گوجرانوالہ شامل ہیں،چیمپئن شپ میں شرکت کی خواہش رکھنے والے بورڈز اپنی ٹیموں کے ناموں کا اندراج 26 نومبر تک کرواسکتے ہیں۔ چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے منیجرز کی میٹنگ 27 نومبر کو شام چھ بجے جناح سٹیڈیم کے میڈیا سنٹر میں ہوگی جس میں چیمپئن شپ کے ڈراز کا اعلان اور قوانین کے بارے میں آگاہ کیا جائیگا۔ٹیکنیکل کمیٹی میں صوبیدار( ر) شوکت محمود کیانی، جاوید بنگش اور خورشید احمد کوشامل کیاگیا ہے، چیمپیئن شپ تین روز تک جاری رہے گی اور چیمپیئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔

error: Content is protected !!