ایران کیساتھ سپورٹس میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں،جہانگیرخانزادہ


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے کہا ہے ایران کے ساتھ سپورٹس کے شعبہ میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں، باہمی تعاون سے نوجوانوں کو سپورٹس کا بہترین پلیٹ فارم میسر آئے گا اور دونوں ممالک کے نوجوان اپنے کھیل کو بہتر بنا سکیں گے، انہوں نے کہا کہ ایران عظیم ملک ہے، پاکستان اور ایران کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں، ایران سپورٹس کے میدان میں اپنی شناخت رکھتا ہے، ایرانی کبڈی ٹیم کو پاکستان آمد پر دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز سپورٹس بورڈ پنجاب میں ایران کی کبڈی ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، ایرانی کبڈی ٹیم نے مجید بہرامی کی سربراہی میں صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، اس موقع پر پاکستان کبڈی فیڈریشن کے نائب صدر رمضان گھمن، سیکرٹری رانا سرور اور ڈائریکٹر ایڈمن جاوید رشید چوہان بھی موجود تھے، صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے ایرانی ٹیم کوجشن نوروز کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران برادر اسلامی ممالک ہیں اور دونوں کے تاریخی تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں، دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ ہر شعبہ میں تعاون کیا ہے، دونوں ممالک کے مختلف شعبہ جات کے وفود ایک دوسرے مالک کے دورے بھی کرتے رہتے ہیں جس سے اخوت اور بھائی چارے کو فروغ ملتا ہے، ایران نے سپورٹس کے شعبہ میں ترقی کی ہے،خاص طور پر ریسلنگ، جمناسٹک اور فٹ بال میں ایرانی کھلاڑیوں نے دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، ہماری خواہش ہے کہ ہم ایران کے اس تجربہ سے استعفادہ حاصل کریں، صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ کبڈی پنجاب کا روایتی کھیل ہے، ایران کی کبڈی ٹیم کو 40ویں قومی کبڈی چیمپئن شپ میں شرکت پر خوش آمدید کہتے ہیں، ایران نے کبڈی کے کھیل میں بہت ترقی کی ہے ، دونوں ممالک اس کھیل میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں،اسی طرح دیگر کھیلوں میں ایران کے ساتھ تعاون کے خواہشمند ہیں۔ایرانی کبڈی ٹیم کے سربراہ مجید بہرامی نے صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا جس طرح استقبال کیا گیا ہے اس سے پاکستانی قوم نے ہمارے دل جیت لئے ہیں، پاکستان آکر بہت محبت ملی جسے زندگی بھر بھول نہیں سکتے، ایرانی قوم بھی پاکستانی بھائیوں سے بہت پیار کرتے ہیں یہاں آکر ہمیں محسوس ہوتا ہے کہ ہم اپنے ہی گھر میں آئے ہیں،کھیلوں کے شعبہ میں ہر طرح کے تعاون کے لئے تیار ہیں۔

error: Content is protected !!