ایشیا کپ سپر فور مرحلہ،پاکستان کا بھارت کو جیت کیلئے 238رنز کا ہدف


دبئی:(سپورٹس لنک رپورٹ) ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے بھارت کو جیت کے لیے 238 رنز کا ہدف دے دیا۔دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بیٹںگ کا فیصلہ کیا تو امام الحق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا۔دونوں اوپننگ بلے بازوں نے محتاط انداز اپنایا اور بھارتی بولروں کے خلاف بڑی شارٹس لگانے سے گریز کیا تاہم آٹھویں اوور میں امام الحق یزویندرا چاہل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے، وہ 10 رنز ہی بناسکے۔اگلے آؤٹ ہونے والے بلے باز فخر زمان تھے جو کریز پر اپنا توازن کھو بیٹھے کلدیپ یادیو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے جبکہ بابر اعظم 9 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔تین کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہونے کےبعد شعیب ملک اور کپتان سرفراز احمد نے ٹیم کو سنبھالا اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 107 رنز کی شراکت قائم ہوئی، 165 کے مجموعی اسکور پر سرفراز احمد 44 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔شعیب ملک نے بھی 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 78 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، وہ جسپریت بھمراہ کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔ شعیب ملک کے بعد آصف علی اچھے آغاز کے باوجود اپنی اننگز کو آگے لیکر نہ جاسکے اور 30 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر یزویندرا چاہل کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔آصف علی کے آؤٹ ہونے کے بعد انڈین گیند بازوں نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرتے ہوئے اختتامی اوورز میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کو تیزی سے رنز اسکور کرنے سے باز رکھا۔پاکستانی بلے باز بمشکل 237 رنز ہی بناپائے۔

error: Content is protected !!