ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ راشد لطیف کو فخر زمان سے امیدیں وابستہ


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز راشد لطیف نے ایشیاءکپ کیلئے نوجوان بیٹسمین فخر زمان کو پاکستانی ٹیم کے لیے ٹرمپ کارڈ قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ یو اے ای میں ہونے والے ایونٹ میں اپنی عمدہ فارم کا سلسلہ برقرار رکھیں گے۔ سابق وکٹ کیپر بیٹسمین کا کہنا تھا کہ اس وقت قومی کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ لائن متوازن ہے اور گزشتہ کچھ میچز سے تسلسل کے ساتھ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ بھی کر رہی ہے لیکن اس میں فخر زمان کی شاندار کارکردگی کا بھی اہم کردار ہے جن کو ایشیاءکپ میں بھی اپنی بھرپور فارم کا مظاہرہ کرنا ہوگا کیونکہ جس غیر معمولی اندازسے وہ بیٹنگ کر رہے ہیں وہ بہت بڑا فرق بن کر سامنے آئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فخر زمان اوپنر کے طور پر پاکستان کو اچھا سٹینڈ فراہم کرسکتے ہیں اور پورے ایشیاءکپ میں انہیں پاکستان کے اہم ترین ہتھیار کی حیثیت سے دیکھا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں راشد لطیف کا کہنا تھا کہ بائیں ہاتھ کے 28سالہ پیسر جنید خان کی واپسی سے پاکستان کی باؤلنگ لائن بھی مضبوط ہو جائے گی اورامید ہے کہ وہ قومی ٹیم کے سینئر پیسر محمد عامر اور آل راؤنڈر فہیم اشرف کے ساتھ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔راشد لطیف کے مطابق انہیں اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ لیگ سپنر شاداب خان باؤلنگ لائن اپ کی مضبوطی کیلئے ایک انتہائی اہم باؤلر ہیں جن کے ساتھ قومی ٹیم کے سینئر کھلاڑی اور آل راؤنڈر شعیب ملک کو بھی اپنا تجربہ بروئے کار لانا ہوگا جو ہمیشہ کی طرح مڈل آرڈر میں ریڑھ کی ہڈی ثابت ہوں گے۔سابق کپتان کا مزید کہنا تھا کہ مجموعی طور پر قومی کرکٹ ٹیم متوازن ہے اور ایشیاءکپ جیتنے کی بھرپور صلاحیت بھی رکھتی ہے۔

error: Content is protected !!