ایشیا کپ کرکٹ کے انعقاد کی راہ میں حائل بڑا مسئلہ حل

دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ ) ایشیا کپ کرکٹ کے انعقاد کی راہ میں حائل بڑا مسئلہ حل ہوگیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے میگا ایونٹ کی میزبانی کے حقوق عرب امارات کرکٹ بورڈ کو دے دیے ہیں۔ بی سی سی آئی کی جانب سے اس متعلق میڈیا ریلیز جاری کی گئی ہے۔ ٹورنامنٹ 15 سے 28 ستمبر تک دبئی اور ابوظبی میں کھیلا جائے گا جس میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کے ساتھ اے سی سی کوالیفائنگ ایونٹ کی چیمپئن شپ شرکت کرے گی۔ بی سی سی آئی کے اعلامیہ کے مطابق اماراتی حکام کے ساتھ میزبانی سے متعلق معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں۔ یاد رہے کہ ٹورنامنٹ بھارت میں کھیلا جانا تھا لیکن پاکستان کی جانب سے ویزا اور سیکورٹی مسائل کے حوالے سے تحفظات ظاہر کیے گئے تھے جبکہ بھارتی کرکٹ بورڈ اپنی حکومت کی طرف سے اس ضمن میں کوئی ضمانت حاصل کرنے میں بھی ناکام رہا تھا جس کے بعد رواں برس کے اوائل میں ایشین کرکٹ کونسل نے میزبانی حقوق بھارت کو ہی دیتے ہوئے ایشیا کپ کو یواے ای شفٹ کردیا تھا۔ بھارتی بورڈکے قائم مقام سیکریٹری امیتابھ چوہدری کا کہنا ہے کہ ہم بی سی سی آئی کی جانب سے ایشیا کپ کی میزبانی کرنے پر امارات کے شکر گذار ہیں، یقین ہے کہ کرکٹ فینز کو بہترین کھیل دیکھنے کو ملے گا۔ البتہ بورڈ کی جانب سے اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی کہ ٹورنامنٹ کے منافع سے دونوں بورڈز میں کس طرح تقسیم کی جائے گی۔ افتتاحی میچ دبئی میں 15 ستمبر کو سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 19 ستمبر کو مدمقابل ہوں گی۔ دلچسپ بات ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ ٹورنامنٹ کے شیڈول پر اعتراض کرچکا ہے۔

error: Content is protected !!