ایشیا کپ کیلئے ٹیم کاانتخاب،محمد حفیظ خطرے میں

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) میڈیا پر تنقید کرنے اور اپنے کیس میں میڈیا کا سہارا لینے والے ٹیسٹ اوپنر محمد حفیظ کی ایشیا کپ کے لئے پاکستانی کرکٹ ٹیم میں شمولیت ان کےرویے سے مشروط ہوگی لیکن وہ خطرے میں گھرے ہوئے ہیں شان مسعود مضبوط امیدوار بن کر سامنے آرہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فخر زمان ، امام الحق کی موجودگی میںشان مسعود کی ایشیا کپ کے کیمپ کے18 کھلاڑیوں میں شمولیت نے محمد حفیظ کے لئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر کہتے ہیں کہ ہم نے حفیظ کو بولا وایو میں کھلانے کا موقع دیا لیکن اس نے خود انکار کرکے اپنا کیس کمزور کردیا۔ مکی آرتھر نے لاہور آکر حفیظ کیس پر پی سی بی انتظامیہ کو بھی بریفنگ دی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شان مسعود کی فارم سے سلیکٹرز متاثر ہیں اور اس وقت کوچ کے ساتھ سلیکٹرز بھی محمد حفیظ کے فیور میں دکھائی نہیں دیتے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلے ہفتے لاہور میں سلیکٹرز جب میٹنگ کریں گے تو حفیظ کا کیس یقیناً سب سے دلچسپ ہوگا۔ واضح رہے کہ محمد حفیظ کی سینٹرل کنٹریکٹ میں تنزلی ہوئی ہے اور انہوں نے کہا تھا کہ ان کے لئے پیسوں سے زیادہ عزت اہم ہے۔

error: Content is protected !!