بابراعظم نے کوہلی کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا


ابوظہبی(سپورٹس لنک رپورٹ) سٹار پاکستانی بلے باز بابراعظم نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں بہترین اوسط سے رنز بنا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ انہوں نے 2016ء سے 2018ء کے دوران 21 میچز میں 57.57 کی اوسط سے رنز بنا کر بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کا بہترین اوسط سے رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ توڑ کر یہ سنگ میل عبور کیا۔ بابر اعظم نے 806 رنز بنا رکھے ہیں جس میں ان کی 6 شاندار نصف سنچریاں بھی شامل ہیں، 97 ٹی ٹونٹی میں ان کا بہترین سکور ہے جبکہ کوہلی نے 62 میچز میں 48.88 کی اوسط سے 2102 رنز بنا رکھے تھے۔ اس کے ساتھ ساتھ بابر اعظم ٹی ٹونٹی کرکٹ میں مسلسل تین نصف سنچریاں سکور کرنے والے چوتھے پاکستانی بلے باز بھی بن گئے۔ بابر نے اس سے قبل رواں سال ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گئے میچز میں 97 اور 51 رنز کی اننگز کھیلیں تھیں جبکہ انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں 68 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے اس سے قبل شاہد آفریدی، عمر اکمل اور محمد حفیظ کو بھی مسلسل تین اننگز میں نصف سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔

error: Content is protected !!