بال ٹمپرنگ،،،کھیل کو بدنام کرنے والے آسڑیلوی کرکٹرز کیساتھ بھارت نے کیا کیا؟

ممبئی (سپورٹس لنک رپورٹ)بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے بال ٹیمپرنگ سکینڈل کے باعث آسٹریلوی کرکٹرز سٹیون سمتھ اور ڈیوڈ وارنر پر رواں برس شیڈول آئی پی ایل میں شرکت کے دروازے بند کر دئیے ، کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے دونوں کرکٹرز پر 12 ماہ کی پابندی عائد کرنے کے فوراً بعد بی سی سی آئی نے دونوں کھلاڑیوں کو آئی پی ایل کیلئے اجازت نہ دینے کا اعلان کیا۔ جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ کا منصوبہ بنانے کے بعد آسٹریلوی کرکٹرز سمتھ اور وارنر مزید مشکلات میں پھنس گئے ۔ آئی پی ایل چیئرمین راجیو شکلا نے اپنے بیان میں کہا کہ ہمیں ان کرکٹرز کے معاملے پر پہلے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور کرکٹ آسٹریلیا کے فیصلوں کا انتظار تھا، دونوں کی جانب سے کھلاڑیوں کو سزا دینے کے بعد ہم نے بھی ان کھلاڑیوں کو آئی پی ایل میں شرکت کیلئے اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا، ہم نے فرنچائزز کو ان کے متبادل کھلاڑیوں سے معاہدے کی اجازت دے دی ہے ۔ سمتھ نے آئی پی ایل میں راجستھان رائلز اور ڈیوڈ وارنر نے سن رائزرز حیدرآباد کی نمائندگی کرنا تھی، دونوں کرکٹرز کو پہلے ہی اپنی اپنی ٹیموں کی قیادت سے بھی فارغ کر دیا گیا تھا۔راجستھان رائلز نے سمتھ کی جگہ اجنکیا رہانے کو ٹیم کی قیادت سونپ دی ہے جبکہ حیدرآباد نے ابھی نئے کپتان کا اعلان نہیں کیا۔

error: Content is protected !!