بین الصوبائی گیمز، سپورٹس بورڈپنجاب کے زیراہتمام تربیتی کیمپ جاری


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کی ہدایت پر پشاور میں شروع ہونیوالی چوتھی بین الصوبائی گیمز کی تیاری کے لئے سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ چوتھے روز بھی جاری رہے، باکسنگ کے تربیتی کیمپ نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کے باکسنگ رنگ، ٹینس کے باغ جناح اور باسکٹ بال کے جمنیزیم ہال میں ہورہے ہیں، ڈائریکٹر سپورٹس جاوید رشید چوہان نے کیمپ کا دورہ کیا اور کھلاڑیوں کی تربیت کا جائزہ لیا،پیر کے روز کھلاڑیوں نے تربیتی کیمپ میں پریکٹس کی، کوچز نے کھلاڑیوں کی فٹنس کیلئے ایکسر سائز کرائی اور کھیل کو بہتر بنانے کیلئے اہم تکنیکس بتائیں۔ ڈائریکٹر سپورٹس جاوید رشید چوہان نے تربیتی کیمپس کے معائنے کے دوران کھلاڑیوں کی پریکٹس کا جائزہ لیا اور ان سے سہولتوں کی فراہمی اور تربیت کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا،

جاوید رشید چوہان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے نوجوان باصلاحیت ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ اس کی صلاحیتوں کو نکھارکر دنیا کے سامنے لایا جائے، سپورٹس بورڈ پنجاب اس حوالے سے سرگرم ہے اور نوجوانوں کو سپورٹس کی جدید سہولتیں فراہم کررہاہے، کھلاڑی محنت کریں اور بین الصوبائی گیمز میں ثابت کردیں کہ پنجاب کے نوجوان ہی چیمپئن ہیں،کھلاڑی گیمز میں زیادہ سے میڈلز جیتیں،اس موقع پر کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ وہ کیمپ میں جیت کے جذبے سے تربیت حاصل کررہے ہیں اور وہ بین الصوبائی گیمز میں جیت کیلئے پُرعزم ہیں۔کیمپ میں کھلاڑیوں کو رہائش، کھانے اور سپورٹس کی بہترین سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔

error: Content is protected !!