تائیکوانڈو اولمپک سالیڈیریٹی ٹیکنیکل کوچنگ کورس اختتام پذیر

راولپنڈی(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے زیراہتمام تائیکوانڈو اولمپک سالیڈیریٹی ٹیکنیکل کوچنگ کورس اختتام پذیر ہوگیا ۔اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ایشین کبڈی فیڈریشن اور اسلام آباد اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل رانا محمدسرور تھے جنہوں نے ورلڈ تائیکوانڈو فیڈریشن کے انٹرنیشنل ایرانی کوچ ماسٹر حافظ مہدوی، پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر کرنل(ر) وسیم جنجوعہ، فنانس سیکرٹری جلال حیدر خان، سیکرٹری جنرل مرتضیٰ حسن اورمیڈم صبا شمیم صدر ویمن ونگ کے ہمراہ کورس کے شرکاء میں سرٹیفکیٹس اورانعامات تقسیم کئے۔ پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر کرنل (ر) وسیم جنجوعہ نے بتایا کہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے تعاون ، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی زیرنگرانی اولمپک سالیڈیریٹی ٹیکنیکل کوچنگ کورس ورلڈ تائیکوانڈو فیڈریشن کے انٹرنیشنل ایرانی کوچ ماسٹر حافظ مہدوی نے کروایا۔

کورس میں تمام قومی اداروں اور صوبوں سمیت تائیکوانڈو فیڈریشن کے 15 یونٹس کے 195 کوچز نے حصہ لیا۔اس موقع پر مہمان خصوصی رانا سرور نے کورس کے شرکاء کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ اس سے پاکستان میں تائیکوانڈو کے فروغ میں بڑی مددملے گی۔ ایرانی کوچ حافظ مہدوی نے کہاکہ وہ پاکستانی آفیشلز، کھلاڑیوں اورعوام کی جانب سے ملنے والی محبت ہمیشہ یادرکھیں گے، پاکستان کھیلوں کیلئے انتہائی محفوظ اورپرامن ملک ہے ، انہوں نے وعدہ کیاکہ وہ آئندہ بھی پاکستان ضرور آئیں گے۔

error: Content is protected !!