جنوبی افریقا رگبی کا عالمی چیمپئن بن گیا

یوکاہوما(سپورٹس لنک رپورٹ)جنوبی افریقا ہاٹ فیوریٹ انگلینڈ کو فائنل میں باآسانی شکست دے کر رگبی کا عالمی چیمپئن بن گیا۔ جاپان کے شہر یوکاہوما میں کھیلے گئے رگبی ورلڈکپ 2019 کے فائنل میں جنوبی افریقا کی ٹیم ابتدا سے ہی انگلینڈ پر حاوی رہی۔پہلے ہاف کے اختتام پر دونوں ٹیموں کا اسکور 6-12 تھا، تاہم دوسرے ہاف میں 2 مرتبہ کی عالمی چیمپئن جنوبی افریقا نے تابڑ توڑ حملے شروع کردیے جس کا جواب انگلینڈ کے پاس نہ تھا۔ جنوبی افریقا کے ماکازول میپیمپی اور چیسلن کولبے کے ٹرائیز اور ہینڈری پولارڈ کی گول ککنگ نے افریقی ٹیم کی برتری کو اور بہتر بنادیا۔ دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ کو سیمی فائنل میں شکست دینے والی انگلینڈ کی ٹیم کے پاس جنوبی افریقا کے تابڑ توڑ حملوں کو جواب نہ تھا اور یہ میچ جنوبی افریقا نے 12-32 سے اپنے نام کرلیا۔

یاد رہے کہ جنوبی افریقا کی ٹیم سیمی فائنل میں ویلز کو شکست دے کر فائنل میں پہنچی تھی۔ٹورنامنٹ کی تیسری پوزیشن کے میچ میں نیوزی لینڈ نے ویلز کو شکست دے دی تھی۔ اس فتح کے ساتھ ہی جنوبی افریقا مشترکہ طور پر سب سے زیادہ مرتبہ رگبی ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم بن گئی۔ یہ جنوبی افریقا کی تیسری فتح تھی، جبکہ یہ اس سے قبل 1995 اور 2007 میں بھی عالمی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کرچکا ہے۔ اس کے علاہ نیوزی لینڈ بھی تین مرتبہ رگبی کا عالمی چیمپیئن بن چکا ہے جس نے 1987، 2011 اور 2015 میں ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔فائنل کی شکست خوردہ ٹیم انگلینڈ رگبی ورلڈکپ کے فائنل میں مشترکہ طور پر سب سے زیادہ مرتبہ شکست کھانے والی ٹیم بن گئی۔ اس سے قبل اسے 1991 اور 2007 میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ دوسری جانب فرانس کی ٹیم تین مرتبہ فائنل ہارنے والی دوسری ٹیم ہے جسے 1987، 1999 اور 2011 کے عالمی میلے کے فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

error: Content is protected !!