جنوبی افریقہ کی ناکامیوں کا سلسلہ دراز،پہلا ٹی ٹونٹی بھارت کےنام

جوہانسبرگ(سپورٹس لنک رپورٹ)جوہانسبرگ میں کھیلے جانے والے تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے کرکٹ میچ میں انڈیا نے میزبان جنوبی افریقہ کو 28 رنز سے شکست دے دی ہے۔

وانڈررز کے میدان پر کھیلے جانے والے اس میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 204 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز ہی بنا سکی۔

انڈیا کی طرف سے بھونیشور کمار نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے چار اوورو میں صرف 24 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بھونیشور کے آخری اور جنوبی افریقہ کی اننگز کے 18ویں اوور میں تین کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔

انڈیا کے دورہ جنوبی افریقہ کے بارے میں یہ بھی پڑھیے

جنوبی افریقہ کی جانب سے نوجوان اوپنر ریزا ہینڈرکس نے 70 رنز کی اننگز کھیلی لیکن وہ اپنی ٹیم کو جیت نہ دلا سکے۔ ہینڈرکس کے علاوہ بہاردین نے 39 رنز سکور کیے۔

اس سے قبل انڈیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز بنائے۔

انڈیا کی جانب سے شکھر دھون نے 39 گیندوں پر 72 رنز کی اننگز کھیلی۔

میچ کے آغاز پر ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ نے پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا لیکن انڈین بلے بازوں نے یہ فیصلہ غلط ثابت کر دیا۔

دھون کے علاوہ دیگر کھلاڑی لمبی اننگز تو نہ کھیل سکے لیکن انھوں نے انڈین اوپنر کا ساتھ دیا اور پہلی مرتبہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 200 کا ہندسہ عبور کیا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے اپنا پہلا میچ کھیلنے والے سی جے ڈالا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

دورہ جنوبی افریقہکے دوران اس سے پہلے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقہ نے 2-1 سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ چھ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں انڈیا نے جنوبی افریقہ کو باآسانی 5-1 سے ہرا دیا تھا۔

دوسرا ٹی ٹوئنٹی 21 فروری کو سنچورین جبکہ آخری ٹی ٹوئنٹی 24 فروری کو کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔

error: Content is protected !!