جو ٹیم بہادری سے فیصلے کریگی،کامیابی اس کا مقدر بنے گی،ویرات کوہلی

لندن (سپورٹس لنک رپورٹ)بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کے آخری 3 میچوں میں کسی ٹیم کے پاس غلطی کی کوئی گنجائش نہیں،شکست کھانے والی ٹیم کو واپسی کی فلائٹ ملے گی۔آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 کے سلسلے میں پہلا سیمی فائنل منگل کو بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان اولڈٹریفورڈ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ بھارتی شائقین کا میچ کے لئے جوش و خروش عروج پر ہے۔ویرات کوہلی کا کہنا ہے کہ جوٹیم بہادری سے فیصلے کرے گی، کامیابی اسی کا مقدر بنے گی، ناک آؤٹ مرحلہ شروع ہوگیا ہے اور اب ہمارے پاس غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے، ہر میچ کا دباؤ ہوتا ہے۔بھارتی کپتان نے مزید کہا کہ ہم کسی بھی حریف اور میچ کو آسان نہیں سمجھتے، ورلڈ کپ جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ویرات کوہلی نے انڈر 19 ورلڈ کپ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ میں بھارت اور کین ولیم سن نیوزی لینڈ کے کپتان تھے۔ اچھا لگ رہا ہے کہ ہم دونوں انڈر 19 ورلڈ کپ کے بعد اب سینئر ورلڈ کپ میں بھی کپتان ہیں۔دوسری جانب نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری اسٹیڈکا بھارتی ٹیم سے متعلق کہنا ہے کہ بھارت بہترین ٹیم ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ بھارتی ٹیم میں کئی میچ ونرز ہیں۔توقع ہے کہ بھارت اپنے اسپنرز کے ساتھ حملہ آور ہونے کی کوشش کرے گا،روہت شرما کی بیٹنگ نیوزی لینڈ کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے جبکہ روہت اس ٹورنامنٹ میں پانچ سنچریاں بناکر عالمی ریکارڈ قائم کرچکے ہیں۔بھارت نے2011میں نے ٹورنامنٹ جیتا تھا جبکہ نیوزی لینڈ کبھی ورلڈ کپ نہیں جیت سکاہے۔ نیوزی لینڈ نے 11 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں پاکستان کی جگہ کوالیفائی کیا ہے جبکہ بھارتی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں ٹاپ پر ہے۔بھارت 9 میں سے 7 میچز جیتے،بھارت کو ٹورنامنٹ میں انگلینڈ نے شکست دی ہے جبکہ نیوزی لینڈ نے9 میں سے5 میچ جیتے اور بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان جمعرات کو ایجبسٹن میں کھیلا جائے گا۔

error: Content is protected !!