خضدار کی پوزیشن ہولڈر طالبات سمیت25رکنی وفد کا دورہ پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)بلوچستان کے شہر خضدار کی جماعت 8ویں، 9ویں اور10ویں کی پوزیشن ہولڈر طالبات سمیت25رکنی وفد نے منگل کے روز پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس کا دورہ کیا، ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل، صوبائی وزیر کھیل، امور نوجوانان و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی، وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب رائو زاہد قیوم اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے طالبات کو پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس آمد پر خوش آمدید کہا، طالبات نے پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس کے پول، جم، تھیٹر اور دیگر شعبے دیکھے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے طالبات اور دیگر وفد کے ارکان کو تفصیلی بریفنگ دی گئی، اس موقع پر طالبات سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ خضدار کی طالبات کا دورہ لاہور خوش آئند ہے، اس طرح کے دوروں سے بھائی چارے اور قومی یکجہتی کو فروغ ملتا ہے،طالبات وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی دعوت پر لاہور آئی ہیں جن کو لاہور کے تاریخی مقامات کی سیر کرائی گئی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خواہش ہے کہ بلوچستان کے طلبہ کیلئے پنجاب کے تعلیمی اداروں میں کوٹہ بڑھا یا جائے، ہم ایک قوم ہیں، بلوچستان کی عوام نے پاکستان کے لئے بہت قربانیاں دی ہیں، صوبوں کے طلبہ و طالبات باہمی دوروں سے ایک دوسرے کے قریب آئیں گے ، سب صوبوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔


صوبائی وزیر کھیل، امور نوجوانان و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ پنجاب میں نوجوانوں کو سپورٹس کی بہترین سہولتیں فراہم کررہے ہیں،72ویں پنجاب گیمز 2019ء میں بلوچستان کے کھلاڑیوں نے بھی یکجہتی کے طور پر حصہ لیا تھا، پنجاب کے نوجوانوں کو بھی بلوچستان کا دورہ کرایا جائے گا، طالبات نے لاہور کا کلچر و ثقافت دیکھی ہے اور یہ خضدار جاکر پنجاب کی ثقافت سے آگاہی دیں گی۔تمام صوبے پاکستان کے رنگ ہیں،ایک دوسرے کے صوبوں کے دوروں سے ثقافتی کلچر فروغ پائے گا،یہ طالبات خضدار کی پوزیشن ہولڈر ہیں یہ بلوچستان کا برین ہیں، یہ یہاں کی اچھی چیزیں وہاں جاکر پروموٹ کریں گی، جلد ہی نیشنل کراٹے چیمپئپن شپ منعقد کررہے ہیں جس میں بلوچستان کے کھلاڑیوں کو بھی دعوت دی جائے گی۔


اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر خضدار عائشہ زہری، پرنسپل راحیلہ رند نے کہا ہے کہ پنجاب کی میزبانی نے دل جیت لئے ہیں، یہاں آکر جو عزت ملی وہ ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، طالبات لاہور آکر بہت خوش ہوئی ہیں ، پنجاب کی ثقافت سے آگاہی ملی ہے، اس طرح ہمیں ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملا ہے، تقریب کے اختتام پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے طالبات کے وفد کو وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل، صوبائی وزیر کھیل، امور نوجوانان و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی، وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب رائو زاہد قیوم اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے تحائف دیئے، طالبات نے میزبانوں کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان اور اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹائون ذیشان رانجھا بھی موجود تھے۔

error: Content is protected !!