خود کو آل رائونڈر منوانے کیلئے محنت کررہاہوں، شاداب خان

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان اسپنر شاداب خان کا کہنا ہے کہ خود کو بطور آل راؤنڈر منوانا چاہتا ہوں اور اس کیلئے سخت محنت کررہا ہوں۔سری لنکا کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ سے قبل میڈیا سے گفتگو میں شاداب خان کا کہنا تھا کہ ہر کھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ ہوم گراؤنڈ پر کھیلے اور اچھا پرفارم کرے لہٰذا کوشش ہوگی کہ پیر کو سری لنکا کے خلاف میچ میں ہوم کراؤڈ کے سامنے اچھا پرفارم کریں۔ایک سوال پر شاداب خان نے کہا کہ کراچی میں اسپنرز کو مدد ملتی ہے لیکن مسلسل بارش کے بعد انہیں اندازہ نہیں کہ وکٹ کیسا ہوگا لیکن جیسا بھی وکٹ ملا، وہ اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے، نوجوان کرکٹر نے کہا کہ وہ بطور آل راؤنڈر خود کو منوانا چاہتے ہیں اور اس کیلئے وہ محنت کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں جس نمبر پر بھی بیٹنگ کا موقع ملے، وہ جاکر ٹیم کیلئے پرفارم کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔سری لنکن ٹیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ اکثر کھلاڑی ایسے ہیں جن کو وہ انڈر 19 اور پاکستان اے کے ٹوور پر دیکھ چکے ہیں اور ان کے بارے میں اندازہ ہے، سری لنکن ٹیم کے نوجوان کرکٹرز کے پاس خود کو منوانے کا اچھا موقع ہے اور وہ اس سیریز میں بہتر کرنے کی کوشش کریں گے۔نوجوان اسپنر نے کہا کہ ان کی حالیہ دنوں میں ون ڈے کی پرفارمنس ویسی نہیں رہی جیسا کہ ان سے امید کیا جاتا رہا لیکن ان کی کوشش ہوگی کہ وہ سری لنکا کیخلاف سیریز میں اچھا پرفارم کریں، وہ اٹیکنگ اسپنر ہیں اور ان کا اکانومی ریٹ اچھا ہے۔حسن علی سے سوال پر انہوں نے کہا کہ حسن ان کا اچھا دوست ہے، بعض لوگوں نے تو ایسا بنادیا کہ جیسے ہم دونوں کا میاں بیوی والا رشتہ ہو، وہ ڈریسنگ روم میں ہنس مکھ رہتا ہے، اور اسی لیے ٹیم کا ہر فرد اس کی کمی محسوس کررہا ہے۔

error: Content is protected !!