خیبر پختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کا اجلاس، متعدد فیصلے

پشاور (سپورٹس رپورٹر) خیبر پختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے آئین میں ترامیم کو خیبر پختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کے آئین میں شامل کرنے کے حق میں متفقہ رائے دیتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ فاٹا کو صوبے میں ضم کرنے کے بعد سابق فاٹا اولمپک ایسوسی ایشن کو خیبر پختونخوا اولمپک میں ضم کرنے کا فیصلہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی قانونی دستاویز جاری ہونے کے بعد کیا جائے گا پی او اے جو فیصلہ کرے گی اسی کے مطابق آئندہ کا لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔ ایسوسی ایشن کا اجلاس صدر وسابق صوبائی وزیر کھیل سید عاقل شاہ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں متعدد امور پر غور وخوض کیا گیا اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے سید عاقل شاہ نے کہا کہ اجلاس میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی آئین میں ترامیم پر اطمینان کا اظہار کیا گیا

اولمپک ایسوسی ایشن سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کو تاریخی قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی ایسوسی ایشنوں کو آئین وقت کے تقاضوں کے مطابق بنانے، ایک سالہ ایونٹس کا پلان اولمپک کو پیش کرنے اور ٹیلنٹ ہنٹ شروع کرنے کی ہدایت کی گئی پہلی ٹیلنٹ ہنٹ چیمپئن شپ آرچری میں کرائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سپورٹس بورڈ صرف انڈر 14 ٹیلنٹ ہنٹ گیمز کراسکتا ہے دیگر ایج گروپ گیمز کا انعقاد سپورٹس بورڈ کا مینڈیٹ نہیں ہے سپورٹس بورڈ صرف سہولیات دے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کوئٹہ نیشنل گیمز میں بھرپور طریقے سے حصہ لیں گے اگر ضم قبائلی اضلاع کے کھلاڑی صوبے کے دستے کی جانب سے کھلیں گے تو اس سے صوبے کا دستہ مضبوط ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پسند نا پسند کی بجائے مقررہ ٹی او آرز کے مطابق ایسوسی ایشنوں کو گرانٹ دے۔ انہو ں نے مجوزہ پہلی یوتھ گیمز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن سپورٹس بورڈ کی مشاورت سے گیمز کے لئے بولی دے گی۔ اجلاس میں کئی ایسوسی ایشنوں کی نئی کابینہ کی منظوری دی گئی جبکہ جن ایسوسی ایشنوں نے تاحال ڈویژنل ایسوسی ایشن کابینہ مکمل نہیں کی ہے انہیں جلد از جلد کابینہ مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔

error: Content is protected !!